بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی کوئٹہ میں پیپلزپارٹی کے جلسہ میں نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین پر تشدد کی مذمت

منگل 20 جون 2017 23:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2017ء) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے کوئٹہ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے جلسہ میں نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین شہباز احمدپر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات کی کسی جمہوری سیاست میں مثال نہیں ملتی پرتشدد رویئے برقرار رہے تو پاکستان پیپلزپارٹی کے پروگراموں کی کوریج کا بائیکاٹ کردیں گے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے جاری کردہ بیان میںکہاگہا ہے کہ گزشتہ رو ز سریاب کسٹم کے قریب پاکستان پیپلزپارٹی کا جلسہ منعقد کیا گیا جس میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ‘ صوبائی صدر حاجی علی مددجتک سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین شریک تھے جلسہ میں بدنظمی کے دوران کارکنوں کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین شہباز احمدپر حملہ کر دیا جس سے وہ زخمی ہوگیا جس کے بعد وہاں موجود صحافیوں نے احتجاج کیا تو پارٹی کے دیگر کارکنوں کی جانب سے صحافیوں کیساتھ گالم گلوچ اور دھکم پیل کی گئی جبکہ چند کارکنوں نے کیمرہ چھیننے کی بھی کوشش کی جو سراسر غیرجمہوری اور منفی اقدام ہے جس کی بلوچستان یونین آف جرنلسٹس سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے ایسے واقعات کے بعد ہم پاکستان پیپلزپارٹی کے پروگراموں کا بائیکاٹ کرنے پرمجبور ہوجائیں گے ۔