بچوں کو والدین سے ملاقات کیلئے ضلع کچہری میں جدید سہولیات سے مزین روم کا افتتاح

منگل 20 جون 2017 23:23

چیچہ وطنی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2017ء)چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ سید منصورعلی شاہ کی ہدایت پربچوں کو والدین سے ملاقات کے دوران دوستانہ ماحول فراہم کرنے کیلئے ضلع کچہری میں جدید سہولیات سے مزین کمرہ بنادیاگیاہے،ان خیالا ت کا اظہار ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساہیوال چوہدری امیر محمد خان نے کمرہ برائے ملاقات نا بالغان اور انتظارگاہ برائے سائلین کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر صدربار چوہدری محمد انوراورجنرل سیکرٹری چوہدری عثمان علی ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج یونس عزیز ،محمد زبیر ،عتیق الرحمن ،سینئر سول جج (ایڈمن )فرخ فرید بلوچ،سینئر سول جج (جوڈیشل )ظفرمہدی،سینئر سول جج (گارڈین )مسز طاہرہ بانو، سول جج محمد نعیم،سول جج /فیملی کورٹ محمد عثمان اورصداقت علی خان کے علاوہ سائلین اوروکلاء کی کثیر تعدادموجود تھی،انہوں نے کہا کہ مذکورہ کمرہ جات میں فیملی مقدمات میں بچوں کو ان کے والدین سے ملاقات کیلئے انتہائی سازگار،خوبصورت اوردوستانہ ماحول مہیا کیا گیا ہے تاکہ بچے اجنبیت محسوس نہ کریں اوران کو گھر جیسا ماحول میسر آسکے،انہوں نے کہا کہ بچوں کیلئے پہلی بار بین الاقوامی معیار کا کمرہ بنایا گیا ہے جہاں بچوں کیلئے جھولے ‘تفریح کیلئے ایل ای ڈی اس کے ساتھ کمرہ کو چاروں طرف سے ان کے پسندیدہ کارٹون سے سجایاگیا ہے،اس موقع پر صدربارچوہدری انور اورجنرل سیکرٹری چوہدری عثمان علی نے منفرد اورقابل تقلید منصوبے پر چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ سید منصور علی شا ہ اورڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امیر محمد خان کا شکریہ اداکیا جبکہ آخر پر ملکی و قومی سلامتی کیلئے خصوصی دعاکرائی گئی ۔