وفاقی وزیر داخلہ سے راولپنڈی چیمبر کے عہدیداروں پر مشتمل وفد کی ملاقات ،ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں ،سی پیک، چیمبر کی مختلف کاروباری سرگرمیوں اور تاجر برادری کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال

بزنس کمیونٹی سازگار ماحول ،امن و امان کی بہتر صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے میں کردار ادا کرے،چودھری نثار علی خان حکومت معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکنہ کوشش جاری رکھے گی،گفتگو

منگل 20 جون 2017 23:08

وفاقی وزیر داخلہ سے راولپنڈی چیمبر کے عہدیداروں پر مشتمل وفد کی ملاقات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی سازگار ماحول اور امن و امان کی بہتر صورتحال کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے معاشی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے میں اپنا کردار ادا کرے،حکومت معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکنہ کوشش جاری رکھے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے یہ بات منگل کو راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں پر مشتمل وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔وفد میں چیمبر کے صدر عامر اقبال، سینئر وائس پریذیڈنٹ راشد وائیں، گروپ لیڈر سہیل الطاف اور راجہ منان ظفرشامل تھے جبکہ سابق وفاقی وزیر راجہ شاہد ظفر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ملک بھر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں خصوصاً سی پیک، چیمبر کی مختلف کاروباری سرگرمیوں اور تاجر برادری کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد کے اراکین نے بتایا کہ موجودہ حکومت کی مربوط اور منظم حکمت عملی اور امن و امان کی بہتر صورتحال کے نتیجہ میں کاروباری برادری کو تحفظ اور ان کا اعتماد بحال ہونے کے ساتھ ساتھ ملک میں معاشی استحکام اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سازگار فضاء استوار ہوئی ہے۔ حکومت اور کاروباری برداری کے تعلق اور باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے اور ان میں مزید بہتر ی لانے سے جہاں پالیسی سازی میں مدد ملے گی وہاں کاروباری حلقوں کے مسائل دورکرنے اور ان کے تحفظات کا ازالہ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

وفد نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ راولپنڈی چیمبر کاروباری برادری اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے اور راولپنڈی شہر کی تعمیر و ترقی میں مزید فعال کردار ادا کرنے کی خواہاں ہے۔ وفد نے کہاکہ راولپنڈی بائی پاس کے قیام سے جہاں شہر کے دیگر مسائل کا خاتمہ ہو گا وہاں کاروباری حلقوں کو سہولت اور ان کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیرِ داخلہ نے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور پاکستانی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کے سلسلہ میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تاریخی کردار کو سراہا۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ بزنس کمیونٹی سازگار ماحول اور امن و امان کی بہتر صورتحال کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے معاشی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکنہ کوشش جاری رکھے گی۔