چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کی خوشی میں سبی عوامی پارٹی کی جانب سے پاکستان زندہ باد ریلی کا اہتمام

نوجوانوں کا رقص مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، ریلی جلسی کی صورت اختیار کر گئی،کرکٹ ٹیم نے روایتی حریف کو شکست دے کر عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا، عوام کے تاثرات

منگل 20 جون 2017 23:02

سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2017ء) آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کی خوشی میں سبی عوامی پارٹی کی جانب سے پاکستان زندہ باد ریلی ڈھول کی تاپ پر نوجوانوں کا رقص مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق عوامی پارٹی سبی کے زیر اہتمام آئی سی سی چیمپیئن ٹرافی میں بھارت کو شکست دیکر فائنل جیتنے کی خوشی میں عوامی پارٹی سبی کے چیئرمین میر سلیم مرغزانی کی قیادت میں کارکناں کی جانب سے پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی بلوچستان چوک پر جلسہ عام کی صورت اختیار کرگئی بعدازاں ریلی میں کمانڈنٹ سبی اسکاؤٹس بھی شامل ہوگئے ریلی وجلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ سبی سکاؤٹس کرنل ذوالفقارعلی باجوہ ، چیئرمین عوامی پارٹی سبی میر سلیم مرغزانی ، مرتضیٰ خجک ، قادر بخش لونی ودیگر نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل جیت کر قومی کرکٹ نے پاکستان کا نام دنیا میں مزید بلند کردیا ہے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پوری قوم سمیت عالمی سطح پر کرکٹ کے شائقین نے پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے دعائوں سمیت جن جذبات کا اظہار کیا وہ دنیائے کرکٹ کی اک نئی تاریخ ہے ۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کی فتح سے پوری پاکستانی قوم کو دلی خوشی ہوئی اور ٹیم کے کھلاڑیوں نے انتھک محنت سے پوری قوم کے سر کو فخر سے بلند کردیا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان بابرکت مہینہ ہے اس ماہ میں قوم نے دعائوں کے ذریعے کرکٹ ٹیم کو فتخ دلوائی ۔ قوم سمیت قومی ٹیم کا یہ عمل قابل تعریف ہے ۔ جس طرح قومی ٹیم نے روایتی حریف کو شکست دے کر عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے اسی طرح جلد ہی کشمیری بھائی بھی آزادی کا جشن منائیں گے مقررین نے قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی چیمپئن بننے پرایک بار پھر مبارکباد دی اور اس بات کی بھی توقع کی وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کھیل کر ملک کا نام روشن رکھیں گے اس موقع پر خوشی میں جوانوں نے ڈھول کی تاپ پر رقص پیش کیا اور کئی من مٹھائیاں بھی تقسیم کئیں گئیں اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :