بھارت میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میںپاکستان کی جیت کا جشن منانے پر 20 افراد گرفتار،بغاوت کا الزام عائد

5 افراد کو ریاست راجستھان کے ضلع بیکانر سے جبکہ مسلمانوں کو مدھیا پردیش میں گرفتارکیا گیا،بھارتی میڈیا

منگل 20 جون 2017 22:51

بھوپال/جے پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2017ء) بھارت کی دو مختلف ریاستوں میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح کا جشن منانے والے 20 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق 5 افراد کو ریاست راجستھان کے ضلع بیکانر سے پاکستان کی جیت کا جشن منانے پر گرفتار کیا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ عمران، سنجے خان، تنویر، شعیب اور وسیم ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے اور پاکستان کی حمایت میں نعرے لگا کر اس کی فتح کا جشن منا رہے تھے۔

پولیس نے نوجوانوں کے خلاف دائیں بازو کی تنظیم وشوا ہندو پریشد کی شکایت پر کارروائی کی، جبکہ واقعے کی ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی۔علاقے کے ایس ایچ او کا کہنا تھا ان نوجوانوں کو امن میں خلل پیدا کرنے پر گرفتار کیا گیا کیونکہ وہ پاکستان کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔

(جاری ہے)

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ریاست مدھیا پردیش میں پیش آنے والے دوسرے واقعے میں 15 مسلمانوں کو گرفتار کرکے ان پر بغاوت کا الزام لگایا گیا۔

یہ گرفتاریاں آتش بازی کرنے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگانے کے باعث ایک شخص کی شکایت پر عمل میں آئیں۔واضح رہے کہ بھارت کی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان سے بڑے مارجن سے شکست کے بعد بھارتی عوام میں اپنی ٹیم کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور میچ کے بعد بھارت میں کئی مقامات پر احتجاج میں کھلاڑیوں کے پوسٹرز بھی جلائے گئے۔

متعلقہ عنوان :