خواتین ووٹر رجسٹریشن مہم کے تحت ضلع شیخوپورہ میں آگاہی سیمینار کا انعقاد

خواتین ووٹرز کی یقینی رجسٹریشن ممکن بنانے کیلئے شیخوپورہ کے ہر حلقے میں نادرا کی موبائل وین بھجوائی جائیں گی، چیئر مین ڈسٹرکٹ ووٹر ایجو کیشن کمیٹی سید باسط علی

منگل 20 جون 2017 22:34

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2017ء) خواتین ووٹر رجسٹریشن مہم کے تحت ضلع بھرمیں آگاہی مہم کا سسلسہ جاری ہے جس کے زیر اہتمام میونسپل کمیٹی ہال ڈسٹرکٹ شیخوپورہ میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمینار میں ایم سی ممبران ،عملہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چیئر مین ڈسٹرکٹ ووٹر ایجو کیشن کمیٹی سید باسط علی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ایم سی شیخوپورہ میں مرد ووٹران کی تعداد 124945جبکہ خواتین ووٹران کی تعداد 96906ہے ۔

مرد اور خواتین ووٹران کی تعدادمیں 13فیصد تک کا فرق پایا جاتا ہے جس کو ختم کرنے یاکم سے کم سطح تک لے جانے کے لیے ماہِ رمضان کے بعد نادرا کے تعاون سے خصوصی مہم کا آغاز کیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ووٹر ایجو کیشن کمیٹی کے زیر نگرانی میونسپل کمیٹی شیخوپورہ کے ہر حلقے میں نادرا کی موبائل وین بھجوائی جائیں گی جو کہ موقع پر ان پڑھ خواتین کے شناختی کارڈ بنوانے کااہتمام کریں گی اس کاروائی کی مدد سے کافی حد تک خواتین ووٹران کی یقینی رجسٹریشن ممکن ہو سکے گی ۔

(جاری ہے)

اسی سلسلہ میں ایم سی شیخوپورہ کے عملہ کی باقاعدہ ٹریننگ کے بعد ہر حلقے میں سروے کیا جائے گا تا کہ جن خواتین کے شناختی کارڈ کسی بھی وجہ سے نہیں بن سکے ان کے شناختی کارڈ بنوانے کے بعد آئندہ الیکشن سے قبل انہیں خواتین ووٹر لسٹ میں شامل کیا جاسکے۔اس موقع پر ایم سی شیخوپورہ کے ممبران کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی تا کہ وہ آئندہ الیکشن میں ووٹر ٹرن آؤٹ کو 70فیصد تک لے جانے کے ساتھ ساتھ خواتین ووٹران کی تعداد کو بڑھا کر ملکی ترقی میں اپنا اہم کردار بخوبی ادا کر سکیں ۔

متعلقہ عنوان :