اسلام آباد،میٹرو پولیٹین کارپوریشن نے مالی سال2017-18 کیلئے ایم سی آئی کے 8ارب 87کروڑ کے غیر ترقیاتی بجٹ کی منظوری دیدی

بلدیاتی نظام کے نفاذ کا سہرا وزیراعظم کے سر ہے جنہوں نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کرائے ، میئر کو سی ڈی اے کی سربراہی سونپ کر عوامی نمائندوں پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا، وفاقی دارلحکومت میں منتخب نمائندوں کو اختیار ات دینے کا پہلی مرتبہ تجربہ کیا جس کی وجہ سے ایم سی آئی وجود میں آئی ہے، نیا ادارہ ہونے کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،جس کیلئے واضح روڈ میپ تیار کر لیا ہے، جس پر عملدرآمد کر کے اسلام آباد کو ماڈل شہر بنایا جائیگا،تمام یونین کونسلز میں بلا امتیاز ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائیگا میئر اسلام آباد و شیخ انصر عزیز کا اجلاس سے خطاب

منگل 20 جون 2017 22:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2017ء) اسلام آباد کی میٹرو پولیٹین کارپوریشن نے مالی سال2017-18 کے لیے میٹروپولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے آٹھ ارب ستاسی کروڑ کے غیر ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی۔ بروز منگل یہ منظوری میٹروپولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے خصوصی اجلاس میں دی گئی،اجلاس کی صدارت اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے کی،میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کی طرف سے منظور کئے جانیوالے بجٹ کو وفاقی حکومت کو حتمی منظوری کے لیے بھیجا جائے گا،اس موقع پر میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے تمام ممبران نے پیش کئے جانے والے بجٹ پر تفصیلی بحث کی، میئر اسلام آباد و شیخ انصر عزیز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی نظام کے نفاذ کا سہرا وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے سر ہے جنہوں نے ذاتی دلچسپی لیکر نہ صرف اسلام آباد کے دیہی اور شہری علاقوں میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بلدیاتی الیکشن کرائے بلکہ میئر اسلام آباد کو سی ڈی اے کی سربراہی سونپ کر عوامی نمائندوں پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے، ملک بھر میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں ملک کے دیگر شہروں اور اسلام آباد میں بنیادی فرق یہ ہے کہ اسلام آباد میں منتخب نمائندوں کو اختیار ات دینے کا پہلی مرتبہ تجربہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) وجود میں آئی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ نیا ادارہ ہونے کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پٹر رہا ہے مگر حکومت کی دلچسپی کے باعث ہم نے واضح روڈ میپ تیار کر لیا ہے جس پر عملدرآمد کر کے اسلام آباد کو ماڈل شہر بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

میئراسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن کے ترقیاتی بجٹ کے لیے بھی وفاقی حکومت سے درخواست کی جا رہی ہے اور وفاقی حکومت سے ترقیاتی بجٹ ملنے کے بعد اسلام آباد کی تمام یونین کونسلز میں بلا امتیاز ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے گا۔ 8878 ملین روپے کے غیر ترقیاتی بجٹ میں میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے افسران کے لیے تنخواہ اور الائونسسز کی مدمیں902 ملین روپے، چھوٹے ملازمین کی تنخواہوں اور الائونسسز کے لیے 3228 ملین روپے پنشن،ڈیلی ویجزملازمین، کنٹریکٹ ملازمین اور عید / ایسٹر الائونس کے لیے 1688 ملین روپے جبکہ باقیماندہ بجٹ عمومی اخراجات کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

اس موقع پر میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ ایسی پالیسیاں بنائی جا رہی ہیں جس سے نہ صرف ریونیو میں اضافہ ہو گا بلکہ نئے قائم کردہ ادارے ایم سی آئی کو مالیاتی طور پر مستحکم کرنے پر زور دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ میونسپل ایڈمنسٹریشن کو مالیاتی اور انتظامی ڈسپلن قائم کر کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافے کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایم پی اوسمیت تمام شعبوں میں انتظامی امور کو بہتر بنا کر خود انحصاری کی پالیسی کو اپناتے ہوئے کارکردگی بہتر کی جائے گی۔