فیصل آباد میں میڈیا پر حملہ کی مذمت کرتے ہیں، پولیس کیوں سوتی رہی، زرعی یونیورسٹی کے گارڈز نے صحافیوں اور کیمرہ مینوں پر باہر سڑک پر بدترین تشدد کیا، آزاد صحافت کیلئے میڈیا کا ساتھ دیتے رہیں گے

مرکزی رہنماء پاکستان مسلم لیگ ق چودھری پرویزالٰہی کا مذمتی بیان

منگل 20 جون 2017 22:22

فیصل آباد میں میڈیا پر حملہ کی مذمت کرتے ہیں، پولیس کیوں سوتی رہی، زرعی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے فیصل آباد میں زرعی یونیورسٹی کے سکیورٹی گارڈز کے میڈیا پر حملہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گارڈز کی کھلم کھلا غنڈہ گردی پر پولیس سوتی رہی،میڈیا رپورٹس کے مطابق زرعی یونیورسٹی کے سکیورٹی گارڈز نے میڈیا کو طلبہ کی آواز عوام تک پہنچانے سے روکنے کیلئے یونیورسٹی حدود سے باہر سڑک پر نہ صرف صحافیوں اور کیمرہ مینوں پر بدترین تشدد کیا بلکہ ان کی گاڑیوں اور قیمتی آلات کو بھی توڑ پھوڑ دیا لیکن پولیس خاموش تماشائی بنی رہی اور اس نے میڈیا اور طلبہ کو بچانے کیلئے کچھ نہیں کیا۔

وہ بروز منگل اپنے مذمتی بیان میں کہہ رہے تھے کہ زخمی ہونے والے صحافیوں، کیمرہ مینوں اور اہلکاروں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ہم نے میڈیا کی آواز روکنے کی ہمیشہ مخالفت اور مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ صحافیوں پر پتھرائو، تشدد، لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے لہولہان کرنے اور میڈیا کی گاڑیوں کو توڑنے کے مناظر اس بات کا بین ثبوت ہیں کہ موجودہ حکمران میڈیا کی آواز دبانے اور صحافیوں پر ظلم و تشدد کی اپنی دیرینہ روایت کو قائم رکھے ہوئے ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے لیکن ہماری جماعت آزادی صحافت کی علمبردار ہونے کی حیثیت سے صحافیوں، کیمرہ مینوں اور میڈیا کارکنوں کا کھل کر ساتھ دیتی اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔