کراچی،بلدیہ ملیر مالی سال 2017-18 ء کیلئے 2 ارب83کروڑ کا بجٹ منظور

منگل 20 جون 2017 22:17

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2017ء) کونسل بلدیہ عالیہ ملیر کا بجٹ اجلاس چیئرمین و کنوینر جان محمد بلوچ کی زیر صدارت کونسل ہال مرکزی دفتر میں منعقد ہوا، اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ، اجلاس میں بلدیہ عالیہ ملیرکا آئندہ مالی سال 2017-18ء کا 2ارب82کروڑ90لاکھ89 ہزار 80روپے تخمینے کا بجٹ پیش کیا گیا جو کہ طویل بحث و مباحثے اور غور و خوص کے بعد اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔

بجٹ میں اخراجات کا تخمینہ2ارب83 کروڑ78لاکھ روپے لگایا گیا ہے،اگلے مالی سال کے دوران بلدیہ عالیہ ملیر کے مختلف علاقوں میں واقع شاہراہوں کو 15 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا، پانی جیسی بنیادی سہولت کی فراہمی کی مد میں 10کروڑ ، نکاسی آب کی بہتری کیلئے 11کروڑ 15 لاکھ ،تعلیم کی بہتری کیلئے 04کروڑ،عوام کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے 01کروڑ22لاکھ، پارکوں اور کھیل کے میدانوں کی بہتری کیلئے 8کروڑ30لاکھ ،ڈسپنسریزمیٹرنٹی ہوم کی عمارات کی تعمیر و ترقی کیلئی2کروڑ50لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں ،بجٹ دستاویز میں12 لاکھ89 ہزار80روپے بچت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، تعلیم کیلئے ایک فنڈ قائم کرنے کی قرارداد منظور کرتے ہوئی2017ء کو تعلیم کا سال قرار دیا ہے اور اس کیلئے تمام یونین کمیٹیوں میں ایک ایک ماڈل اسکول بنانے اور مراکز صحت کی بہتری اور عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھی انقلابی بنیادوں پر منصوبوں کی تشکیل وتکمیل کویقینی بنایا۔

(جاری ہے)

بجٹ اجلاس میں وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت ، میونسپل کمشنر عمران اسلم ، اراکین کونسل اور افسران شریک تھے۔ بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلدیہ ملیر نے کہا کہ ماضی میں ملیر کو ترقیاتی و تعمیرات حوالے سے نظر انداز کیا گیا، جب ہم نے بلدیہ ملیر کا انتظام سنبھالا تو ہمارے پاس وسائل کم اور مسائل زیادہ تھے۔ ملیر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا تھا، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں، ہم نے ماضی میں الجھنے کے بجائے ملیر کی تعمیر و ترقی کا نئے عزم کے ساتھ شروع کیا اور پاکستان پیپلز پارٹی کی مفاہمتی پالیسی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے مختلف جماعتوں کے اراکین کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں ، چیئرمین بلدیہ ملیر نے کہا کہ عوام کی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کا نصب العین ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ورژن اور ہدایت کے مطابق وادی ملیر کو سرسبز و شاداب اور ترقی یافتہ بنانے کیلئے ترجیحات کا تعین کر کے جامع منصوبہ بندی کے ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں کی تشکیل اور تکمیل عمل میں لائی جارہی ہے، ہم نے اپنے 10ماہ میں ہی بلدیہ ملیرکی مختلف یونین کمیٹیوں میں تقریباًً30 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے ترقیاتی و تعمیراتی کام کرائے۔ انہوں نے اراکین کونسل اور بلدیاتی افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت عبادت سمجھ کر کریں ، بجٹ اجلاس میں چیئرمین کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیتی جبکہ قومی ٹیم کی فتح پر تہنیتی قرار دادیں اتفاق رائے سے منظور کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :