80کروڑروپے کی لاگت سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا،چیئرمین میونسپل کمیٹی لورالائی

منگل 20 جون 2017 22:17

کوئٹہ۔20جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2017ء)چیئر مین میونسپل کمیٹی لورالائی نے کہا ہے کہ 80کروڑروپے کی لاگت سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیر اعلی ترقیاتی پیکج کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں بہتری آئے گی،شہر کی صفائی اور خوبصورتی میں اضافہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لورالائی شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ 80کروڑروپے کی لاگت سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور میعاری تکمیل میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبو ں کی تکمیل سے لورالائی شہر کا نقشہ بدل جائے گا ۔لورالائی شہر کی صفائی کے مسائل ختم کرنے میں مدد ملے گی اور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز عوام کی امانت ہیں ان کے صحیح استعمال کو یقینی بنانے کے لیے نہایت ایماندار اور مخلص ٹھکیداروںسے کام کرایاجارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جو کہتے ہیں اس پر عمل کرکے دکھاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ شہر کی صفائی کے لیے میونسپل کمیٹی کا عملہ رات کے وقت بھی کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے باشعور عوام کے تعاون کے بغیر شہر کی صفائی انتہائی مشکل عمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھروں اور دکانوں کا کوڑاکرکٹ و کچرہ گلیوں ، سڑکوں اور نالیوں میں پھیلانے کی بجائے کچرادانوں میں ڈالیں ۔ کچرہ دانوں سے بروقت کچرہ اٹھانے کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔