پری مون سون کا آغاز، لیسکو کے عملے کو اًلرٹ رہنے کی ہدایات جاری

عملہ صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائے ‘ چیف ایگزیکٹو لیسکو سید واجد علی کاظمی

منگل 20 جون 2017 20:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2017ء) چیف ایگزیکٹو لیسکو سید واجد علی کاظمی نے محکمہ موسمیات کی جانب سے پری مون سون بارشوں کی پیشنگوئی کے پیشِ نظر لیسکو کے عملے کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیسکو کا عملہ صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کو ہر صورت یقینی بنائے ۔انہوں نے شہریوں سے کہا ہے کہ بارشوں کے دوران حفاظتی تدابیر اپنائیں کیونکہ ذرا سی بے احتیاطی کسی بڑے نقصان یا حادثے کا بھی سبب بن سکتی ہے ۔

لیسکو نے مون سون کے دوران عوام کی آگاہی کے لیئے مندرجہ ذیل تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے جس پر عمل درآمد کر کے ہی شہری اپنی جان ومال کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ناقص گھریلو وائرنگ کی فوری مرمت اور اندرونی وائرنگ کی مکمل ارتھنگ کروائیں۔

(جاری ہے)

ہاتھ، کپڑے یا جوتے گیلے ہونے کی صورت میں بجلی کے سوئچ ،تار اور آلات کو نہ چھوئیں ۔بارش کے دوران گھروں کی ڈور بیل بجاتے ہوئے احتیاط سے کام لیں۔

تمام برقی آلات کو استعمال کے فوری بعد بند کر دیں بجلی کی تاروں ،کھمبوں ،ٹرانسفارمرکے نیچے کھڑے ہونے ،چھونے ،سامان رکھنے اور ان پر کپڑے پھیلانے سے گریز کریں ۔کپڑے سکھانے کے لیئے دھاتی تاروں کی بجائے سوت یا پٹ سن کی رسی استعمال کریں اور سے بجلی کے کھمبے یا پانی کے پائپ کے ساتھ نہ باندھیں ۔بجلی کے کھمبوں اور تاروں کے ساتھ مویشیوں کو نہ باندھیں ۔

بجلی کی ہائی ولٹیج تاروں،ٹراسفارمر کے نیچے غیر قانونی تعمیررات ،سٹال یا ٹھیلہ وغیرہ لگانا ممنوع ہے ۔اپنے بچوں کو خصوصی تاکید کریں کہ وہ گلی محلوں میں کھیلتے ہوئے بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں نیز بجلی کی ہائی ٹینشن لائنوں سے کم ازکم 100فٹ دور رہیں بجلی کے حادثے سے متاثرہ شخص کو براہِ راست چھونے کی بجائے لکڑی کے ٹکڑے یاسوت کے کپڑے سے تار الگ کریں۔ آندھی اور طوفان کے باعث بجلی کی تاریں زمین پر گرنے کی صورت میں لیسکو کا عملہ پہنچنے تک جانوروں اور کسی شخص کو قریب نہ جانے دیں ۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنے متعلقہ علاقے کے کمپلینٹ آفس ،ایس ڈی او اور ایکسئین سے فوری رابطہ کریں یا درج شدہ نمبروں پر اطلاع دیں۔03470010715 , 03470010714 , 03470010700۔

متعلقہ عنوان :