سی پیک چین کے عظیم معاشی منصوبے ایک سڑک ایک پٹی کا فلیگ شپ منصوبہ ہے ،راجہ عامر اقبال

منگل 20 جون 2017 21:00

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2017ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصو بہ (سی پیک) چین کے عظیم معاشی منصوبے ایک سڑک ایک پٹی (OBOR) کا فلیگ شپ منصوبہ ہے ،بلا شبہ یہ ایک گیم چینجر ہے جو ہماری معشیت کی سمت متعین کرے گا ۔سی پیک کے اصل ثمرات عام عوام تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ سی پیک کے چوتھے مرحلے کے تحت بننے والے خصوصی اقتصادی زونز کے لیے حکومت خصوصی بجٹ مختص کرے اور ایک فعال ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے تاکہ علاقے کی ڈیمانڈ اور وہاں موجود انفراسٹرکچر کی سہولیات کے پیش نظر صنعت لگائی جا سکے ۔

ان خیالات کا اظہار راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر راجہ عامر اقبال نے سٹرٹیجک وژن انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام ’’اوبر سی پیک‘‘ پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ خنجراب سے لے کر گوادر تک صنعت کا جال بچھا کر ہی پاکستان سی پیک سے فائدہ اٹھا سکتا ہے ،ہنر مند افرادی قوت کی کمی دور کرنے کے لیے ووکیشنل اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کی حامل مشنیری کے بارے میں کورسز ابھی سے شروع کرائے جائیں ۔

(جاری ہے)

چینی کمپنیوں کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبے لگائے جائیں تاکہ سرمایاکاری محفوظ رہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نئے صنعتی زونز کے قیام کے وقت اس با ت کا خیال رکھا جائے کہ پہلے سے موجود فیکٹریوں اور کارخانوں کو نقصان نہ ہو بلکہ فائدہ پہنچے اور برابری کی سطح پر مراعاتی پیکیج مقامی صنعت کو بھی دیا جائے صدر راجہ عامر اقبال نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ توانائی کے منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ پیداواری لاگت میں کمی آئے۔

متعلقہ عنوان :