پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی شہرخموشاں کی طرز پرجدید قبرستان بنائے جائیں گے‘شہبازشریف

ہم سب نے ایک روز اللہ تعالیٰ کے حضور پیش ہونا ہے اور اسی کی طرف لوٹ جانا ہے، آبادی بڑھنے کیساتھ جدید قبرستانوں کا قیام وقت کا تقاضا ہے کاہنہ میں بنایا جانیوالا پاکستان میں پہلا جدید ترین قبرستان ہے، ملتان، فیصل آباد اور سرگودھا میں شہر خموشاں کی تعمیر جاری ہے ‘وزیر اعلیٰ پنجاب

منگل 20 جون 2017 19:56

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی شہرخموشاں کی طرز پرجدید قبرستان بنائے جائیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور کے علاقے کاہنہ میں بنائے جانے والے پاکستان کے پہلے جدید ترین شہر خموشاں کا اچانک دورہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے شہر خموشاں میں تجہیز و تدفین کیلئے فراہم کی جانے والی سہولتو ں اور ضروریات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے شہر خموشاں میں میتوں کو غسل دینے کے کمرے،میتوں کو سرد خانے میں رکھنے کے انتظامات، انتظار گاہ اور جنازگاہ کا معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے شہر خموشاں میں دیگر ضروریات اور سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے شہر خموشاں میں میتوں کی تدفین کیلئے مختص اراضی کا بھی دورہ کیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر خموشاں میں تجہیز و تدفین کیلئے شاندار سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور تمام ضروریات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے پورا کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کاہنہ میں تقریباً 90 کنال اراضی پر محیط شہر خموشاں بنایا گیا ہے جس پر ساڑھے پندرہ کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے شہر رمضان میں شہر خموشاں کو تجہیز و تدفین کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ آبادی بڑھنے کے ساتھ مزید قبرستانوں کی ضرورت عرصہ دراز سے محسوس کی جا رہی تھی اور اسی کے پیش نظر پنجاب حکومت نے کاہنہ میں پاکستان کا پہلا جدید ترین قبرستان تعمیر کیا ہے اور اس منصوبے کیلئے شہر خموشاں اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

میں نے آج شہر خموشاں کا دورہ کیا ہے ، یقینا شہر خموشاں میں وہ تمام سہولتیں اور ضروریات مہیا کی گئی ہیں جو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ قبرستانوں کیلئے ضروری ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر خموشاں میں گرمیوں کے سخت موسم میں میتوں کو سرد خانے میں رکھنے کا بہترین انتظام کیا گیا ہے اور نماز جنازہ کیلئے بھی مناسب جگہ مختص کی گئی ہے جہاں پر پنکھے لگائے گئے ہیں اور سائونڈ سسٹم بھی لگایا گیا ہے جبکہ میتیں رکھنے کے جدید طریقے سے انتظامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ایک روز اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور پیش ہونا ہے اور اسی کی طرف لوٹ جانا ہے،جدید قبرستانوں کا قیام آبادی بڑھنے کے ساتھ وقت کا تقاضا ہے اور اسی ضرورت کو مدنظر رکھ کر شہر خموشاں بنایا گیا ہے جو پاکستان میں پہلا جدید ترین قبرستان ہے اور کاہنہ کی طرز پر ملتان، فیصل آباد اور سرگودھا میں شہر خموشاں کی تعمیر کا کام جاری ہے جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی اس طرح کے جدید قبرستان بنائے جائیں گے۔

انہوںنے کہا کہ شہر خموشاں میں جدید قبرستان کے حوالے سے تمام تقاضے پورے کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی مرنے والے کے اہل خانہ یا رشتہ داروں کی کال پر میت کو اس کے گھر سے ایمبولینس کے ذریعے شہر خموشاں تک لانے ، نہلانے اور تدفین کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ مرنے والوں کے عزیز و اقارب کو لانے اور لے جانے کیلئے بھی جدید ٹرانسپورٹ سسٹم رکھا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے وزیراعلیٰ سٹریٹجک ریفارمز یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل اور پنجاب شہر خموشاں اتھارٹی کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل سلمان صوفی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے انتہائی محنت کے ساتھ اس پراجیکٹ پر کام کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں متعلقہ محکموں کے وزراء اور افسران کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔

معروف صنعتکار طارق صوفی کی جانب سے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو شہر خموشاں کیلئے 2 ایمبولینسوںکا عطیہ دیا گیا اور طارق صوفی نے ایمبولینسوں کی چابیاں وزیراعلیٰ کو دیں۔منصوبے کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل سلمان صوفی نے وزیراعلیٰ کو شہر خموشاں کے بارے میں بریفنگ دی۔ معروف عالم دین و جامعہ نعیمیہ کے مہتمم مولاناراغب نعیمی بھی اس موقع پر موجود تھے اور انہوں نے خصوصی دعا بھی کرائی۔