پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان باقاعدگی سے سیریز کا انعقاد ضروری ہے، میاں ریاض حسین پیرزادہ

منگل 20 جون 2017 17:59

پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان باقاعدگی سے سیریز کا انعقاد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2017ء) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان باقاعدگی سے سیریز کا انعقاد ضروری ہے، بھارتی حکومت کھیل کو سیاست سے علیحدہ رکھے۔ منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلوں میں شائقین کی دلچسپی حد سے زیادہ ہوتی ہے اس لئے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کا باقاعدہ انعقاد ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کا یہ حق ہے کہ وہ اس طرح کے دلچسپ میچوں سے لطف اندوز ہو سکیں، کسی کو شائقین کو اس حق سے محروم کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میچ پر اپنے تبصرہ میں انہوں نے کہا کہ محمد عامر کی پہلی چار گیندیں بھارتی بلے بازوں کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتی ہیں، ہمارے بائولنگ اٹیک نے دنیا کی بہترین بیٹنگ لائن کی ایک چلنے نہیں دی تاہم وفاقی وزیر نے کرکٹ کے برعکس ہاکی کے مقابلہ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ورلڈ کپ ہاکی کے کوالیفائنگ رائونڈ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی، اس وقت پاکستان نے صرف سکاٹ لینڈ کے خلاف گروپ میچ میں کامیابی حاصل کی تھی، پہلے میچ میں نیدر لینڈ نے پاکستان کو 4-0 سے شکست دی تھی، دوسرے میچ میں کینیڈا کی ٹیم نے پاکستان کو 6-0 جبکہ تیسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلہ میں سات گول سے ہرایا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم شائقین کی توقعات پر پورا نہیں اتری۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ہیڈ کوارٹرز کو اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :