ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی کو یقینی بنانے میں سول آرمڈ فورسز کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ایف سی کے جوانوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے

وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان کی کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری کیپٹن (ر) لیا قت علی خان سے گفتگو

منگل 20 جون 2017 17:59

ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی کو یقینی بنانے میں سول آرمڈ فورسز کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2017ء) وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی کو یقینی بنانے میں سول آرمڈ فورسز کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ایف سی کے جوانوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری کیپٹن (ر) لیا قت علی خان سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں فرنٹیئر کانسٹیبلری سے متعلقہ پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی کو یقینی بنانے میں سول آرمڈ فورسز کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے افسروں اور جوانوں نے جو گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں پوری قوم ان کی قدر کرتی ہے، پچھلے تین سالوں میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کی کارکردگی میں واضح بہتری آئی ہے جس کا کریڈٹ موجودہ کمانڈنٹ کے سر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کی جانب سے گذشتہ ایک سال میںایک ارب کی بچت کی گئی ہے جو کہ فورس لیڈرشپ کی مثبت پالیسیوں کی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور میں سکیورٹی کے نئے تقاضوں سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ ایف سی کے جوانوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے اور روایتی تربیت کے ساتھ ساتھ انکی تکنیکی صلاحییتوں میں بھی اضافہ کیا جائے۔