مانسہرہ میں دو مختلف واقعات میں خاتون سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے

منگل 20 جون 2017 17:50

مانسہرہ میں دو مختلف واقعات میں خاتون سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے
مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2017ء) مانسہرہ میں نوجوان وقاص کو اس کے دوست بابر نے فائرنگ کر کے چلتی گاڑی میں ابدی نیند سلا دیا، دوسرے واقعہ میں گنڈا کی رہائشی خاتون کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ پولیس نے دونوں واقعات کے علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پہلے واقعہ میں داتا کا رہائشی 30 سالہ نوجوان وقاص ولد فرید سوزوکی گاڑی میں مانسہرہ آ رہا تھا کہ راستہ میں اس کے دوست بابر ولد صدیق نے گاڑی روک کر ساتھ گاڑی میں سوار ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان باتوں باتوں میں توں تکرار ہوئی جس پر بابر نے فائرنگ کر کے اپنے دوست وقاص ولد فرید کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تھانہ صدر پولیس نے بابر ولد صدیق کے خلاف مقدمہ درج کر کے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دی۔

(جاری ہے)

دوسرے واقعہ میں تھانہ سٹی کے نواحی علاقہ گنڈا میں خاتون نگینہ بی بی کی نعش اس کے گھر سے ملی ہے، خاتون کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

اطلاع ملنے پر ایس ایچ او سٹی محمد امین تنولی موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی مکمل کر لی ہے۔ ایس ایچ او کے مطابق آخری اطلاع تک کسی شخص پر قتل کی دعویداری نہیں کی گئی ہے۔ پولیس متوفیہ کے ورثاء کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے قاتل کے خلاف کارروائی کرے گی۔

متعلقہ عنوان :