حسین نواز کی تصویر لیک کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مانتے ہیں، اس کا احترام کرتے ہیں

قانونی ٹیم غور سے جائزہ لے گی ، قانونی مشاورت کے بعد مزید قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا جائیگا، طلال چوہدری

منگل 20 جون 2017 17:42

حسین نواز کی تصویر لیک کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مانتے ہیں، ..
اسلام آباد ۔ 18 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ حسین نواز کی تصویر لیک کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا ہماری قانونی ٹیم غور سے جائزہ لے گی ، قانونی مشاورت کے بعد مزید قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا جائیگا،حسین نواز کی تصویر لیک درخواست کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بار بار یہ کہا جاتا ہے کہ ن لیگ عدلیہ کے خلاف مہم چلا رہی ہے،ہم پر یہ الزام فواد چوہدری لگا رہے ہیں جو خود توہین عدالت کرتے رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر سینیٹر بابر اعوان ماضی میں عدالتی فیصلوں کا مزاق اڑاتے تھے اور آج وہی بابر اعوان ہیں جو انہی عدالتوں کے فیصلوں کا دفاع کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ن لیگ آج بھی اسی طرح میدان میں کھڑی ہے جس طرح پہلے دن کھڑی تھی،انہوں نے کہا کہ تصویر لیک معاملے کو پہلے حکومت پر ڈالا گیا مگر یہ بات ثابت نہیں ہوسکی ،انہوں نے کہا کہ ہم نے تصویر لیک ہونے کا قانونی نقطہ بھی سامنے رکھا۔انہوں نے کہا کہ وڈیو ریکارڈنگ نہ ہوتی تو تصویر بھی لیک نہ ہوتی۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے اور آج بھی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے فیصلے کو مانتے ہیں اس کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ ن لیگ نا اہل ہو جائے،انہوں نے کہا کہ ہمارے جو بھی تحفظات ہوں گے وہ ہم ضرور اٹھائیں گے اور یہ ہمارا قانونی حق ہے۔