سرگودہا ڈویژن کی 241 سکیموں کیلئے ایک ارب دس کروڑ فنڈز مختص

منگل 20 جون 2017 17:41

سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2017ء)وزیر اعظم ترقیاتی پروگرام کے دوسرے فیز کے تحت سرگودہا ڈویژن کی 241 سکیموں کیلئے ایک ارب دس کروڑ فنڈز مختص کئے گئے ہیں ،جن میں سے 66 کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں ان سکیموں میں سرگودہا کی 135سکیموں کیلئے 27 کروڑ 62لاکھ ‘ خوشاب کیلئے بارہ کروڑ ‘ میانوالی کیلئے چھ کروڑ جبکہ بھکر کی 106 سکیموں کیلئے گیارہ کروڑ 95لاکھ جاری کئے گئے ہیں ، اس امر کا اظہارڈویژنل کمشنر ندیم محبوب کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیاگیا، اجلاس کے دیگر شرکاء میں ایس ای پبلک ہیلتھ ‘ ایکسین واپڈا ‘ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شامل تھے۔

(جاری ہے)

اجلا س کو بتایاگیاکہ وزیر اعظم ترقیاتی پروگرام کے پہلے مرحلے میں ڈویژن بھر کی 578 سکیموں پر ایک ارب 9 کروڑ پچاس لاکھ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں ، ان سکیموں میں سرگودہا ڈویژن میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 202سکیموں پر چار کر وڑ دس لاکھ روپے، ہائی ویز کی 46سکیموں پر پانچ کروڑ 72 لاکھ ‘ فیسکوکی دس سکیموں پر 99 کروڑ 67لاکھ روپے خرچ کئے گئے ،اجلاس کو بتایاگیا کہ اس پروگرام کے دوسرے مرحلے میں ضلع سرگودہا کے قومی اسمبلی کے پانچ حلقوں این اے میں واپڈا کی 135سکیموں کیلئے پندرہ کروڑ 34لاکھ اور ضلع بھکر کے دو حلقوں این اے 73 اور این اے 74کی 106 سکیموں کیلئے گیارہ کروڑ 45لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں ، ضلع سرگودہا میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی تین سکیموں کیلئے ایک کروڑ بیس لاکھ ضلع خوشاب کی 24سکیموں کیلئے چھ کروڑ او رضلع بھکر کی ایک سکیم کیلئے پچاس لاکھ جبکہ ضلع سرگودہا میں لوکل گورنمنٹ وکمیونٹی ڈویلپمنٹ کی تیرہ سکیموں کیلئے تین کروڑ 76لاکھ اور ضلع خوشاب کی 9 سکیموں کیلئے چھ کر وڑ روپے جاری کئے گئے ہیں ،کمشنر سرگودہا نے وزیر اعظم پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کو عوامی مفاد کے مطابق بنانے اور ان کی بروقت تکمیل کیلئے کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔