ٹریفک حادثہ میں نوجوان، چھت کا پنکھا گرنے سے 3سالہ بچہ جاں بحق

منگل 20 جون 2017 17:39

سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2017ء) ٹریفک حادثے میں موٹرسائیکل سوار نوجوان جبکہ چھت کا پنکھا گرنے سے 3سالہ بچہ جاںبحق ہو گیا ، ساہیوال سرگودھا روڈ پر 93 پٹرولنگ چوکی کے قریب ٹرک کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوارنوجوان امتیاز اور اس کا دوست مصطفی شدید زخمی ہو گئے جن کو ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا ریفر کیا گیا جہاں پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے امتیاز جاں بحق جبکہ مصطفٰی کی حالت نازک ہے، دوسری طرف کارخانہ بازار میں واقع جوتوں کی دکان میں غنی پارک کی رہائشی ایک فیملی عید کی شاپنگ کے سلسلہ میں مصروف تھی کہ اسی اثناء میں چھت والا پنکھا تین سالہ عبدالحنان پر آن گرا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، لواحقین نے واقعہ کا ذمہ دار سٹور مالک کو قرار دیتے ہوئے مقدمہ کے اندراج کیلئے تھانے میں درخواست دیدی تاہم پولیس نے ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیا جبکہ سٹور مالکان واقعہ کو حادثہ قرار دینے پر مصر ہیں۔