پاکستان فرنیچرز کی برآمدات سے سالانہ اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کما سکتا ہے‘منظور الحق ملک

حکومت مناسب طریقے سے پاکستان کے ہاتھ سے بنائے گئے فرنیچر کی حوصلہ افزائی کرے ‘علاقائی چیئرمین فیڈریشن آف پاکستان چیمبر اینڈ کامرس انڈسٹری

منگل 20 جون 2017 16:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2017ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر اینڈ کامرس اینڈ انڈسٹری کے علاقائی چیئرمین و نائب صدر منظورالحق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان فرنیچرز کی برآمدات سے سالانہ اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ گذشتہ روز پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت میں مقامی فرنیچر کا اہم حصہ ہے ، فرنیچر کی برآمدات کو فروغ دے کر سالانہ اربوں ڈالرکا زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ حکومت مناسب طریقے سے پاکستان کے ہاتھ سے بنائے گئے فرنیچر کی حوصلہ افزائی کرے ۔

انہوں نے شعبے کی بہتری کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے مابین تعاون کے فروغ اور مارکیٹ کی صورتحال کے مطابق اقدامات کی ضرورت پر زورردیا ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس شعبے کے فروغ کیلئے نمائشوں کے انعقاد ٹریڈ شوز اور برآمدات میں اضافے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہونگے ، اس مقصد کیلئے انہوں نے شہری اوردیہی علاقوں میں پروگرام شروع کرنے کی تجویزدی جس میں مقامی ہنر مندوں کو اس شعبے سے متعلق جدید تربیت کی فراہمی شامل ہے جس سے پاکستانی فرنیچر مصنوعات بین الاقوامی مارکیٹ میں بہتر مقام حاصل کرسکتی ہیں۔

پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے اس موقع پر انہیں بتایا کہ ملک میں فرنیچر کی 7 بڑی نمائشوں کا انعقاد ہوچکا ہے جن میں 100 سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی ۔ ان نمائشوں میں پانچ لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ 7 جولائی سے کراچی کے ایکسپوسنٹرمیں تین روزہ میگا نمائش منعقد ہورہی ہے جس میں 60 سے زائد غیرملکی اورمقامی کمپنیاں شرکت کرکے اپنے سٹالز لگائیں گی۔ اس نمائش میں بھاری تعداد میں شعبے سے دلچسپی لینے والے لوگوں اور سرمایہ کاروں کی شرکت متوقع ہے۔ منظورالحق ملک نے کراچی ،اسلام آباد اور لاہور میں بہترین نمائشوں کے انعقاد پر میاں کاشف اشفاق کو مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :