سی آئی اے کوٹلی کی کارروائی‘ تقریبا۔ 2لاکھ مالیت کی ہیروئین برآمد ‘2ملزمان گرفتار‘ مقدمات درج

منگل 20 جون 2017 16:18

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2017ء)سی آئی اے کوٹلی کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی،پون2لاکھ مالیت کی100گرام ہیروئین برآمد کرتے ہوئی2ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ مقدمات درج کرکے پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا۔ایس ایس پی کوٹلی چوہدری ذوالقرنین نے کہا کہ منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا جو ٹاسک دیا تھا،سی آئی اے پولیس اُس منصوبے پر کامیابی سے گامزن ہے۔

مسجدوں کے شہر کوٹلی سے منشیات فروشوں کا نام ونشان مٹانے کی حکمت پر عمل پیراہیں۔ انسپکٹر سی آئی اے سٹاف راجہ صداقت کہتے ہیں منشیات فروش ٹارگٹ پر ہیں ، موثر کارروائیوں کا مقصد منشیات فروشوں کا انسداد ہے۔تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ ایس ایس پی کوٹلی چوہدری ذوالقرنین سرفراز کی خصوصی ہدائت پر سی آئی اے کوٹلی کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز سی آئی اے انسپکٹر راجہ صداقت نے ہمراہ نفری خواجہ بازار کی دوکانوں میں مقیم کرائے داروں کے ٹھکانوں پر چھاپہ مار کر ظہورہ مائی زوجہ مہراحمد ساکن مظفرگڑھ حال خواجہ بازار سی50گرام جبکہ محمدعرفان ولد محمد رشید ساکن دھرانگ سے بھی50گرام ہیروئین برآمد کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے حوالات بند کردیا ۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ایس ایس پی کوٹلی چوہدری ذوالقرنین سرفراز نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سی آئی اے پولیس کی کارکردگی تسلی بخش ہے ،جو ٹارگٹ سی آئی اے کو سونپا گیا تھا اُس پر کامیاب حکمت عملی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے جو کہ لائق تحسین ہے۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ مظفرگڑھ کی خاتون منشیات فروش کی گرفتاری کے بعد تھانہ پولیس کوٹلی کے ایس ایچ او سردار افتخار کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ غیر ریاستی باشندوں کا ڈیٹا اکٹھا کر کے ایسے افراد پر خصوصی نظر رکھی جائے۔

CIAانسپکٹر کوٹلی راجہ صداقت نے میڈیا کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ایس ایس پی کوٹلی چوہدری ذوالقرنین سرفراز کی ہدائت پر منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا مشن کامیابی سے جاری ہے، منشیات فروش معاشرے کے ناسور ہیں ،ہمیں اپنی نوجوان نسل کو بچانے کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف مزید موثر کارروائیاں کرنا ہونگی۔ اُنھوں نے سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ منشیات فروشوں کے نشاندہی پولیس سے شیئر کرکے اپنے حصے کی شمع جلائیں ہم منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرینگے۔