ایل اوسی پر بھارتی بربریت اور پاکستانی وزیر اعظم کی خاموشی کشمیریوں کے لیے باعث تشویش ہے ، میاں نواز شریف مودی کی دوستی میں کشمیریوں کی وکالت کا حق ادا نہیں کر رہے

پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما ، سابق چیئرمین پی وائی او گلف محمد فاروق چیچی کی میڈیا سے بات چیت

منگل 20 جون 2017 16:16

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما ، سابق چئیرمین پی وائی او گلف محمد فاروق چیچی نے کہا ہے کہ ایل اوسی پر بھارتی بربریت اور پاکستانی وزیر اعظم کی خاموشی کشمیریوں کے لیے باعث تشویش ہے ، میاں نواز شریف مودی کی دوستی میں کشمیریوں کی وکالت کا حق ادا نہیں کر رہے ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی انتہا ہو چکی ہے ، ایل اوسی پر آئے روز بھارتی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری نہتے کشمیریوں کی جانیں لے رہی ہے ، آزاد کشمیر سے ملحقہ ایل او سی پر فائرنگ کے دوران میاں نواز شریف قازقستان میں مودی کے ساتھ گپ شپ میں مصروف تھے مگر انہوں نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے کو ئی بات نہیں کی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کو سلام پیش کرتے ہیں جہنوں نے ہر مشکل دور میں کشمیریوں کی مدد کی اور بھارت کی مذموم مقصد کی تکمیل نہیں ہو نے دی ، پاکستانی مسلح افواج دنیا کی بہترین فوج ہے جو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں ہی نکال دہتی ہے ، لائن آف کنٹرول پر ہماری مسلح فوج کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک ، ریاست کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ کررہی ہیں ہم ان کی جرات کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری پاکستانی و کشمیری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کے کسی مذموم ایجنڈے کی تکمیل نہیں ہونے دینگے ، ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور ایل او سی کی بار بار بھارت کی جانب سے خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں وہ بھارتی مظالم بند کرائے اور کشمیریوں کو ان کا حق آزادی دلائے تاکہ دنیا میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔