عراقی وزیراعظم کی سعودی عرب کے پہلے دورے پر ریاض آمد

حیدر العبادی کا وزیراعظم کی حیثیت سے سعودی عرب کا یہ پہلا دورہ ہے

منگل 20 جون 2017 16:01

عراقی وزیراعظم کی سعودی عرب کے پہلے دورے پر ریاض آمد
ریاض/بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2017ء) عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی اپنے تین روزہ غیر ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں سعودی عرب پہنچ گئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سعودی عرب کے بعد کویت اور ایران جائیں گے اور ان تینوں ممالک کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ترجمان کے بہ قول حیدر العبادی سعودی فرما ں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور دوسرے عہدہ داروں سے دوطرفہ تعلقات کے فروغ ، باہمی دلچسپی کے امور اور دہشت گردی کی تمام شکلوں سے نمٹنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔

(جاری ہے)

عراقیہ نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دارالحکومت ریاض کے شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے پر آمد پر وزیراعظم حیدر العبادی کا استقبال کیا۔ان کا وزیراعظم کی حیثیت سے سعودی عرب کا یہ پہلا دورہ ہے۔انھوں نے 17 جون کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کے اس دورے کا خلیج بحران سے کوئی تعلق نہیں ہے۔سعودی عرب ، مصر ، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے پانچ جون کو قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے اور اس پر دہشت گردی کا حمایت کا الزام عاید کیا تھا۔اس کے بعد سے مختلف ممالک اس سفارتی بحران کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔