عدلیہ اور جے آئی ٹی کو دھمکانا اور رکاوٹیں پیدا کرنا قابل مذمت ہے، لیاقت بلوچ

منگل 20 جون 2017 15:58

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عدلیہ اور جے آئی ٹی کو دھمکانا اور رکاوٹیں پیدا کرنا قابل مذمت ہے، کرپشن کے خاتمے کے لیے موثر احتساب ہونا چاہئے،حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے سول ملٹری تعلقات میں کشیدگی ہے۔

(جاری ہے)

منگل کے روز ڈسٹرکٹ پریس کلب جیکب آباد کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ پوری قوم کا موقف ہے کہ کرپشن کا خاتمہ ہونا چاہئے اور کرپشن کے خاتمے کے لیے موثر احتساب ہونا چاہئے، عدلیہ اور جے آئی ٹی کو جس طریقے سے دھمکایا جارہا ہے اور رکاوٹ بننے کی کوشش کی جارہی ہے قابل مذمت ہے اب سپریم کورٹ ہی واحد ادارہ ہے جو ان سب چیزوں کا نوٹس لے سکتی ہے اگر حکمران اپنے اسے وطیرے سے باز نہ آئے اور عوام کے اندر مایوسی پیدا ہوگئی کہ جے آئی ٹی اور عدلیہ کے ذریعے احتساب ممکن نہیں ہوگاتو پھر یہ سب چیزیں سڑکوں، چوراہوں اور میدان میں آئیں گی، انہوں نے کہا کہ سول اور ملٹری تعلقات میں کشیدگی رہتی ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ حکمران نااہل اور کرپٹ ہیں اور گڈ گورننس نہیں ہے جس کی وجہ سے ریاستی اداروں کا سیاستدانوں پر اعتماد ہی نہیں رہتا اور یہ سلسلہ ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو، نوازشریف اور زرداری کے دور سے جاری ہے نہ سیاسی حکومتیں اپنی اصلاح کرتی ہیں اور نہ سول ملٹری بیوروکریسی اپنی بالادستی چھوڑنے کو تیار ہے ، ایک سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ دینی جماعتوں کے اتحاد کے حوالے سے عید کے بعد قوم کو خوشخبری ملے گی ان کا کہنا تھا کہ عید کے بعد دینی جماعتیں بیٹھ کر لائحہ عمل تیار کریں گی اور سیاسی سفر کا آغاز کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اوول میں پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر تاریخی جیت حاصل کی ہے جس پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ میچ میں کامیابی ہوئی ہے مجموعی طور پر پوری قوم کو آگے بڑھنے کے لیے ہر میدان میں جدوجہد کرنا ہوگی۔

متعلقہ عنوان :