صدر آزاد کشمیر کا پارلیمانی جماعتوں، وکلاء، صحافیوں ، عمائدین شہر کے اعزاز میں افطار ڈنر،

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر ،وزراء کی شرکت حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا ،آزاد کشمیر کی تاریخ میں تعمیر و ترقی کا انقلاب آئیگا، 23 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کے مستعدی اور بہتر انداز میں خرچ کرنا آزاد کشمیر کی بیوروکریسی کا بڑا امتحان ہو گا،سردار مسعود خان

منگل 20 جون 2017 15:40

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے ریاست کی پارلیمانی جماعتوں، وکلاء، صحافیوں اور عمائدین شہر کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا۔ جس میں وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان، سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر، ڈپٹی سپیکر سردار فاروق طاہر، سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، معزز وزراء اکرام ڈاکٹر نجیب نقی، محترمہ نورین عارف، چوہدری محمد سعید، مشتاق احمد منہاس، چوہدری محمد عزیز، سردار میر اکبر، سید شوکت شاہ، اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی، سینئر مشیر وزیراعظم آزاد کشمیر سردار خان بہادر خان، ارکان اسمبلی راجہ محمد صدیق، چوہدری اسماعیل، سید علی رضا بخاری، چوہدری محمد شہزاد، ڈاکٹر مصطفی بشیر، نسیمہ وانی، فائزہ احسن، چوہدری رخسار، چوہدری یاسین گلشن، چوہدری محمد اسحاق، سحرش قمر، کرنل وقار نور، چیف سیکرٹری ڈاکٹر اعجاز منیر، انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر بشیر میمن، رکن کشمیر کونسل سردار صغیر چغتائی، وکلاء حضرات، خواتین سیاسی رہنمائوں اور صحافیوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے اس موقعہ پر تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال بجٹ سیشن کے دوران تمام ارکان اسمبلی کے اعزاز میں صدر ریاست کی جانب سے استقبالیہ روایت ہی ہے جسے ہم نے جاری رکھا ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے بہترین بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان اور وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد دی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تاریخ میں تعمیر و ترقی کا انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ 23 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کے مستعدی اور بہتر انداز میں خرچ کرنا آزاد کشمیر کی بیوروکریسی کا بڑا امتحان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس بجٹ کو دیانتداری اور دانشمندی سے خرچ کیا گیا تو آزاد کشمیر میں عالمی میعار کے مطابق سڑکیں اور تعلیمی ادارے بن سکیں گے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ وزیراعظم نے تعلیم، صحت، سیر و سیاحت، ہائیڈرو الیکٹرک جنریشن، مواصلات، اور معدنیات کی ترقی کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دی ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ یہ ریاست ہم سب کی ہے۔ اس کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوششیں کرنا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ 23 ارب روپے ریاست کی تعمیر و ترقی پر خرچ ہونگے۔

اور تعمیر ہونے والی سڑکوں اور دیگر سہولیات سے تمام جماعتوں کے لوگ بلا تفریق مستفید ہوں گے۔ اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں تعمیر و ترقی کے حوالے سے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ تعمیر و ترقی میں کسی جماعت کا رکاوٹ بننا دراصل عوام دشمنی کے مترادف ہو گا۔ اس موقعہ پر موجود سیاسی قائدین نے صدر آزاد کشمیر کی جانب سے تمام سیاسی پارلیمانی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس طرح کی دعوت سے سیاسی فضا پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔ اور سیاسی جماعتوں نے درمیان ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔

متعلقہ عنوان :