مصراور متحدہ عرب امارات کا دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے اور مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق

اماراتی ولی عہد کا دورہ مصر، صدر السیسی سے ملاقات، دونوں نے دہشت گردی کے خلاف ایک دوسرے کے کردار کو سراہا

منگل 20 جون 2017 15:24

مصراور متحدہ عرب امارات کا دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے اور  مل کر کوششیں ..
قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2017ء) مصراور متحدہ عرب امارات نے دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نھیان نے مصر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔دونوں رہنماں نے دہشت گردی کو سیاسی پشت پناہی فراہم کرنے کی سازشوں کی روک تھام اور دہشت گردی کی فنڈنگ کا سدباب کرنے کے لیے مل کر کوششیں کرنے سے اتفاق کیا ہے۔

مصری وزارت خارجہ کے ترجمان علا یوسف نے ایک بیان میں بتایا کہ صدر السیسی اور اماراتی ولی عہد الشیخ زاید النھیان کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں قایدین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دہشت گردی کے ماخذ کو ختم کرنے کے لیے دو طرفہ روابط کے فروغ، صلاح مشورہ جاری رکھنے اور مشترکہ مسائل کے حل کے لیے مل کر کوششیں کرنے سے اتفاق کیا۔

اس موقع پر پر مصری صدر متحدہ عرب امارات کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا جب کہ الشیخ محمد بن زاید نے مصر کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔اماراتی ولی عہد کا کہنا تھا کہ خطے میں قیام امن اور استحکام کے لیے مصر کا کلیدی کردار ہے۔ مصر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی غیرمعمولی خدمات انجام دی ہیں۔علا یوسف نے بتایا کہ دونوں رہ نماں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں علاقائی مسائل، دہشت گردی کیخلاف جنگ سمیت دوطرفہ دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہ نماں نے دہشت گرد تنظیموں کو سیاسی تحفظ فراہم کرنے اور انہیں مالی معاونت کی فراہمی روکنے کے لیے مل کر کام کرنے سے اتفاق کیا۔

متعلقہ عنوان :