بھارتی حکمران این آئی اے کو ایک سیاسی اور جنگی حربے کے طورپر استعمال کررہے ہیں ،ْحریت قیادت

ڈاکٹر قاضی نثار کو ان کے یومِ شہادت پر سید علی گیلانی ،ْ میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کا خراج تحسین این آئی اے کے ذریعے ہراساں کئے جانے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ،ْ مشترکہ بیان

منگل 20 جون 2017 14:39

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمدیاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے نئی دلی میں بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کے ذریعے الطاف احمد شاہ، شاہد الاسلام اور کئی کشمیری تاجروں سے مسلسل پوچھ گچھ اوران کو ہراساں کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکمران این آئی اے کو ایک سیاسی اور جنگی حربے کے طورپر استعمال کررہے ہیں جس کا مقصد کشمیری قیادت کو بندوق کی نوک پر سرندڑ کروانااور کشمیریوں کی جدوجہد پر مجرمانہ لیبل چسپاں کرانا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آزادی پسند رہنمائوں نے سرینگر سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت کشمیری آزادی پسندوں کو جھوٹے اور بے بنیاد کیسوں میں پھنسا کر حقِ خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں نے خبردار کیا کہ اگر این آئی اے کے ذریعے ہراساں کئے جانے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آزادی پسند قیادت اس سلسلے میں ایک جامع حکمتِ عملی پر غور کررہی ہے اور سماج کے تمام طبقوں کو اعتماد میں لیا جارہا ہے۔گزشتہ کئی روز سے نئی دہلی میں الطاف احمد شاہ اور شاہد الاسلام کی پوچھ گچھ کی جارہی ہے اور انہیں این آئی اے ہیڈ کوارٹر میں ہر صبح حاضری دینا پڑتی ہے جہاں تحقیقات کے نام پر انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔

آزادی پسند رہنمائوںنے کہا کہ کشمیر ہمالیہ سے بڑی حقیقت ہے اور اس کو اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے نہ ماضی میں حل کیا جاسکا ہے اور نہ مستقبل میں اس طرح کی کوششوں سے کوئی نتیجہ برآمد ہو گا۔ انہوں نے بھارت کے پالیسی سازوں پر زوردیا کہ وہ این آئی اے اور دوسرے حربوں کا استعمال کرنے کے بجائے کشمیریوں کی رائے کا احترام کریں ، ان کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کریں اور انہیں اپنے مستقبل کے تعین کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کریں۔

آزادی پسند رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری ایک امن پسند قوم اور امن کے سب سے زیادہ خواہش مند ہیں لیکن امن قائم کرانے کی کُنجی بھارتی حکمرانوں کے ہاتھ میں ہے۔ بھارت ضد اور ہٹ دھرمی ترک کرکے حقائق کو تسلیم کریں تو جنوبی ایشیاء میں ایک نئی صبح کا آغاز ہوگا اور خطے کے لوگ چین اور راحت کی زندگی گزار سکیں گے۔دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ڈاکٹر قاضی نثار احمد کو ان کے یومِ شہادت پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلندئ درجات کے لیے دُعا کی ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر قاضی نثار نے مسلم متحدہ محاذ میں کشمیریوں کی جدوجہد کے اہم موڑ پراپنا کردار ادا کیاہے اوروہ کشمیر میں انقلابی لہر پید اکرنے کی کوششوں کا حصہ تھے۔