سکھر شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے، صدر راجپوت بندھانی ویلفیئر ایسوسی ایشن

پیر 19 جون 2017 23:31

سکھر۔19جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2017ء) راجپوت بندھانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شریف بندھانی نے کہا ہے کہ سکھر شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایاجائے، سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال سے موذی امراض پھوٹ رہے ہیں، عید الفطر کی آمد نزدیک آنے کے باوجود صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال بہتر نہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شہریوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر نائب صدر حاجی خضر حیات، نائب صدر حاجی مسلم، جنرل سیکریٹری حاجی محمد یامین، ایڈیشنل سیکریٹری عبدالجبار راجپوت، جوائنٹ سیکریٹری عطاء الرحمن، خازن حافظ محمد شعیب و دیگر بھی موجود تھے۔ حاجی شریف بندھانی نے کہا کہ نواں گوٹھ، نیوپنڈ، بھوسہ لائن، مائکرو کالونی سمیت شہر کے اہم ترین تجارتی و رہائشی علاقوں میں گند و کچرے کے انبار لگ گئے ہیں، انہوں نے متعلقہ افسران سے اپیل کی کہ عید الفطر کی آمد سے قبل شہر میں صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال کوبہتر بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہوسکے۔