مظفرگڑھ شہر کو سیلاب کے خطرات سے محفوظ رکھنے کا منصوبہ ٹینڈرورک کے مطابق مکمل نہ ہونے پرتحقیقات شروع

پیر 19 جون 2017 23:30

مظفر گڑھ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2017ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد سیف انور جپہ نے ضلعی صدر مقام مظفرگڑھ شہر کو سیلاب کے خطرات سے محفوظ رکھنے کا منصوبہ ٹینڈرورک کے مطابق مکمل نہ ہونے کی شکایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مہر خالد کو تحقیقات پر مامور کر دیا۔انہوں نے یہ حکم یونین کونسل نمبر 40 تلیری کے چیئرمین اے بی مجاہد کی تحریری درخواست پر دیا، درخواست میں کہا گیا ہے کہ محکمہ آبپاشی نے ضلعی صدر مقام کو سیلاب کے خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے تلیری کینال مظفرگڑھ برانچ کے کناروں کو مضبوط کرنے کیلئے فنڈز منظور کئے۔

(جاری ہے)

مغربی کنارے کی مضبوطی کیلئے تقریباًً 60 لاکھ روپے کا ورک آرڈر محکمہ آبپاشی ڈیرہ غازی خان کے مشینری ڈویڑن کو دے کر ایڈوانس ادائیگی بھی کر دی جبکہ موقعہ پر اپنے منظورنظر ٹھیکیدار سے نہر کے اندر سے سلٹ مٹی اٹھا کر نمائشی کام کیا گیا جبکہ کناروں کے ساتھ سے کچھ مٹی ڈال کر کام مکمّل ہونا قرار دے دیا اس طرح مفادعامہ کا یہ اہم منصوبہ روایتی کرپشن کی بھینٹ چڑھا دیا گیا ہے اس لئے مطابق ورک آرڈر کام نہ کرانے، سرکاری فنڈز خردبرد کرنے اور جعلسازی کے مرتکب ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور نہر کے مغربی کنارے کو صحیح طور پر مضبوط کرکے مظفرگڑھ شہر کو سیلاب کے خطرات سے محفوظ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :