قومی ٹیم کی چیمپیئنز ٹرافی میں فتح تاریخی ہے، خرم دستگیر خان

پیر 19 جون 2017 23:28

قومی ٹیم کی چیمپیئنز ٹرافی میں فتح تاریخی ہے، خرم دستگیر خان
گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2017ء)وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی چیمپیئنز ٹرافی میں شاندارفتح قدرت کی پاکستان پر خاص رحمت کی نشانی ہے ،کرکٹ کی طرح ہر شعبے میں کامیابیاں ہماری منتظر ہیں اورروشن پاکستان کی منزل اب سامنے نظر آرہی ہے،عوام کی دعائوں سے حکومت کے خلاف سازشیں کرنے والا ٹولہ نامراد و ناکام رہے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سٹی صدر و ایم پی اے حاجی عبدالرئوف مغل کی جانب سے مسلم لیگی کارکنوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوںنے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی ذات نے محمد نواز شریف کومشکلات میں گھرے پاکستانیوں کی مدد کے لئے بھیجا جس کے بعد پاکستانیوں کے ہر روز بہنے والے خون ناحق کا سلسلہ بند ہوا اور کراچی سمیت پورے ملک میں ایک پائیدار امن کی فضا ء پیدا ہوئی ہے ، سچی نیت والی قیادت کی بدولت آج پاکستان کا شمار دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں کیا جا رہا ہے ،ملک میں بجلی کی فراہمی بہتر ہونے سے مزدوروں کا روزگار بحال ہوا ہے ، عوام حکومت پر اپنا اعتماد قائم رکھیں کرکٹ کی طرح ہر شعبے میں عظیم کامیابیاں ہماری منتظر ہیں ، ایم پی اے وسٹی صدرحاجی عبدالرئوف مغل نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکموت ترقی کے ثمرات عوام کی دہلیز پر پہنچا رہی ہے ،ہر یونین کونسل کے ہر وارڈ میں لگنے والی ایک ایک اینٹ پر شیر کا نشان ثبت ہے ، اس موقع پر میئر کارپوریشن شیخ ثروت اکرام ، ڈپٹی میئر رانا مقصود احمد،ایم پی اے توفیق بٹ ،معظم رئوف مغل نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں چیئرمینوں ،وائس چیئرمینوں ،کونسلرز ،پارٹی راہنمائوںو کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔