پانامہ کیس کی تحقیقات‘ جے آئی ٹی کا عید کی چھٹیاں نہ کرنے کا فیصلہ

پیر 19 جون 2017 23:18

پانامہ کیس کی تحقیقات‘ جے آئی ٹی کا عید کی چھٹیاں نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2017ء) پانامہ کیس کی تحقیقات‘ سپریم کورٹ سے مزید وقت نہ ملنے پر جے آئی ٹی نے عید کی چھٹیاں نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ 7 جولائی تک یہ صرف تحقیقات مکمل کی جائیں گی۔ باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے حکم پر بننے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے عید پر بھی چھٹیاں نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اب تحقیقات ٹیم سپریم کورٹ کے حکم کیمطابق سات جولائی سے قبل اپنا کام مکمل کرلے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے جے آئی ٹی کو ساٹھ دن کا وقت دے رکھا ہے جو سات جولائی کو ختم ہوجائے گا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے جے ائی ٹی کو یہ بھی کہا تھا کہ آپ کو مزید وقت نہیں دیا جائے گا۔ اسی ساٹھ دنوں کے اندر اندر تحقیقات مکمل کی جائیں اور اگر اس سلسلے میں مشکلات پیش آئیں یا کوئی ادارہ تعاون نہ کرے تو سپریم کورٹ کو اطلاع دی جائے۔

جس پر جے ائی ٹی نے مختلف اداروں کے حوالے سے سپریم کورٹ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے اداروں سے جواب بھی طلب کیا ۔ تمام صورتحال کومدنظر رکھتے ہوئے جے آئی ٹی عید پر بھی چھٹیاں نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تحقیقاتی عمل جاری رکھے گی۔