․پی ایس 114کی نشست پر انتخابی مہم کے سلسلے میں ایم کیوایم (پاکستان ) کی حلقہ انتخاب کی یوسی 1سے یوسی 5تک گھر گھر عوامی رابطہ مہم

رابطہ کمیٹی کے ارکان ، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور نامزد امیدوار نے گھر گھر عوامی رابطہ مہم کے دوران پمفلٹ تقسیم کئے

پیر 19 جون 2017 23:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) پی ایس 114کی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے زیراہتمام عوامی رابطہ مہم جاری ہے ۔ عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز رابطہ کمیٹی کے ارکان شبیر احمد قائم خانی ، عاد ل خان نے نامزد حق پرست امیدوار برائے پی ایس 114کامران ٹیسوری کے ہمراہ پی ایس 114کی یوسی 2، یوسی 3، یوسی 4اور یوسی 5میں گھر گھر جاکر عوام سے رابطہ کیا اور ان میں پمفلٹ تقسیم کئے ۔

اس موقع پر حق پرست ارکان قومی اسمبلی علی رضا عابدی ، مزمل قریشی اور ارکان سندھ اسمبلی فیصل رفیق، کامران اختر ، ڈسٹرکٹ ایسٹ کے انچارج حافظ اسامہ قادری ، جوائنٹ انچارج عابد زیدی اور اراکین کمیٹی بھی موجود تھے ۔گھر گھر عوامی رابطہ مہم کے دوران رابطہ کمیٹی کے ارکان ، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور نامزد امیدوار کامران ٹیسوری نے 9جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایم کیوایم کے نامزد امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرانے کی اپیل کی اور کہا کہ پی ایس 114میں ہونے والا ضمنی الیکشن ملک کی سیاست پراثر انداز ہوگا اور اس میں ایم کیوایم (پاکستان ) کی کامیابی کراچی سمیت ملک و قوم کی خوشحالی کا سبب بنے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حلقہ انتخاب میں جاری انتخابی مہم جس جوش و خروش اورجذبے سے جاری ہے اور اس میں عوامی حمایت نے ثابت کردیا ہے کہ ایم کیوایم (پاکستان ) کے نامزد امیدوار کامران ٹیسوری اس حلقہ سے پہلے ہی کامیاب ہوچکے ہیں اور 9جولائی کو ہونے والا دکھاوا ہے جس میں نام نہاد سیاسی جماعتیں اپنی چوہدراہٹ قائم کرنے کے خواب دیکھ رہی ہے جو کبھی ممکن نہیں ہوسکے گا ۔

اس موقع پر حلقہ انتخاب کے عوام نے اپنے جذبات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ پی ایس 114تمام قومیتوں پر مشتمل حلقہ ہے اور اس میں رہنے والے شروع دن سے ہی ایم کیوایم (پاکستان ) کے حامی ہیں ، ماضی میں بھی دھاندلی اور دھونس دھمکی کے ذریعے یہ نشست ایم کیوایم سے چھین لی گئی تھی اور ایم کیوایم کو عوام کی خدمت سے دور رکھا گیا ، ہم سمجھتے ہیں کہ ایم کیوایم (پاکستان ) ملک میں اچھی جمہوریت کی خواہش رکھنے والی جماعت ہے اور اسی وجہ سے ایم کیوایم (پاکستان ) میں شامل ارکان پارلیمنٹزین اور ذمہ داران عوامی خدمت کو ولین ترجیح دیتے آئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ 9جولائی کو انشاء اللہ تعالیٰ حلقہ انتخاب کے عوام نامزد حق پرست امیدوار کامران ٹیسوری کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں اور نام نہاد سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو بری طرح سے مسترد کردیں گے ۔