بلاول بھٹو زرداری نے 514.917ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے منزل پمپ فلائی اوور کا افتتاح کردیا

پیر 19 جون 2017 21:41

بلاول بھٹو زرداری نے 514.917ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالے منزل پمپ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے پر منزل پمپ فلائی اوور کے افتتاح سے صنعتی علاقوں کے ہیوی ٹریفک اور ائیر پورٹ سے نیشنل ہائی وے سگنل فری ٹریفک ہوجائے گااور ٹریفک کی روانی بھی بہتر ہوجائے گی۔ انہوں نے یہ بات منزل پمپ فلائی اوور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

فلائی اوور کا افتتاح پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ائیرپورٹ سے منزل پمپ سڑک کو سگنل فری بنایا گیا ہے۔ یہ فلائی اوور 514.917ملین روپے کی لاگت سے 3ماہ کی مدت میں تعمیر کیاگیاہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے ۔ انہوں نے اس کے لیے صوبائی وزیربلدیات جام خان شورو، پروجیکٹ ڈائریکٹر نیاز سومرو اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے مخالفین اپنے آپ کو غیر محفوظ محسوس کررہے ہیں کیونکہ ان کی حکومت نے شہر میں انفرااسٹرکچرکی میگا اسکیمیں شروع کی ہیں اور ان میں سے بہت سی اسکیموں کا یا تو افتتاح ہوچکا ہے یا پھر اس ماہ کے آخر تک افتتاح ہوجائے گا۔ صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منزل پمپ فلائی اوور پر 8مارچ 2017کو کام کا آغازہوا اور اس پر 514.917ملین روپے لاگت آئی اور یہ 3ماہ کی مدت میں مکمل ہواہے اس پُل کی لمبائی 560میٹر ہے ،جس میں 250میٹر پُل اور 310میٹر ریمپ شامل ہے۔

اس کی چوڑائی 10.9میٹرہے اور یہ 3رویہ ہے۔ وزیرا علیٰ سندھ نے کہا کہ ڈرگ روڈ انڈر پاس اور سب میرین چورنگی انڈر پاس پر کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ماہ کے آخر تک ڈرگ روڈ انڈر پاس کا افتتاح کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کی ترقی میں ایک بہت بڑا بریک تھرو ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ فیصل کونہ صرف یہ کہ دوبارہ تعمیر کیاگیا ہے بلکہ بلوچ کالونی فلائی اوور کی آلٹریشن کے ذریعے شاہراہ کو توسیع بھی دی گئی ہے۔انہو ں نے کہا کہ اس سے نہ صرف یہ کہ شاہراہ فیصل بہتر ہوگئی ہے بلکہ اس پر ٹریفک کا بہائو بھی بہتر ہوگیا ہے۔ قبل ازیں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے فلائی اوور کا افتتاح کیا۔