ستر برسوں میں لاکھوں کشمیری شہید ہو چکے ہیں، مزمل اقبال ہاشمی

کشمیری قوم اپنے شہداء کا قصاص لینے کے لیے تیار ہے ،آزادی کی تحریک میں سارا کشمیر کھڑا ہو چکا ہے، مسئول جماعة الدعوة کراچی کی گفتگو

پیر 19 جون 2017 21:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2017ء) جماعة الدعوة کراچی کے تحت کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ منگل کے دن شام 6 بجے کراچی پریس کلب کے باہر ادا کی جائے گی۔ اس موقع پر جماعة الدعوة کراچی کے مسئول مزمل اقبال ہاشمی و دیگر سیاسی و مذہبی رہنما بھی خطاب کریں گے۔ شرکاء کے لیے پریس کلب کے باہر اجتماعی افطار کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا ہے کہ ستر برسوں میں لاکھوں کشمیری شہید ہو چکے ہیں لیکن وہ غاصب بھارت کے سامنے کسی طور جھکنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ساڑھے آٹھ لاکھ بھارتی فوج کا مقابلہ کشمیریوں کے ایمان اور جذبہ سے ہے۔ ہم شہداء کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کشمیری قوم اپنے شہداء کا قصاص لینے کے لیے تیار ہے۔ آزادی کی تحریک میں سارا کشمیر کھڑا ہو چکا ہے، یہی وجہ ہے کہ اب بھارتی عسکری ماہرین خود اعتراف کررہے ہیں کہ کشمیر ان کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے۔

(جاری ہے)

جب بھی کوئی قوم اس انداز میں قربانیاں پیش کرنے کے لیے کھڑی ہو جاتی ہے توغلامی زیادہ دیر تک ان کا مقدر نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج سے جھڑپ میں شہید ہونے والے کشمیری کمانڈر جنید متو، ناصر وانی، عادل مشتاق اور سبزار بھٹ شہید کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ آج پریس کلب پر کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ میں اہلیان کراچی بھرپور انداز سے شرکت کرکے کشمیریوں سے اپنی والہانہ محبت کا ثبوت دے۔

متعلقہ عنوان :