پی ٹی آئی کرپشن کے الزامات میں نکالے گئے سرکاری ملازمین کی باقیات کی انجمن اور سیاسی بھگوڑوں کا لنڈا بازار ہے، سنیٹرسعید غنی

عمران خان قوم کو جواب دیں ان کے والد اکرام اللہ نیازی، جہانگیر ترین کے والد اللہ نواز ترین اور اسد عمر کے والدجنرل عمر کو سرکاری ملازمتوں سے کن الزامات کے تحت فارغ کیا گیا تھا، رہنما پیپلزپارٹی

پیر 19 جون 2017 21:16

پی ٹی آئی کرپشن کے الزامات میں نکالے گئے سرکاری ملازمین کی باقیات ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کرپشن کے الزامات میں نکالے گئے سرکاری ملازمین کی باقیات کی انجمن اور سیاسی بھگوڑوں کا لنڈا بازار ہے۔ عمران خان کی طرف سے آصف علی زرداری کے خلاف بیان بازی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان پہلے اپنے والد کے حوالے سے وضاحت کرے اور پھر اپنے دائیں بائیں کھڑے جہانگیر ترین اور اسد عمر کے حوالے سے بھی قوم کو بتائیں کہ ان دونوں کے والد صاحبان کو ملازمتوں سے کیوں برطرف کر دیا گیا تھا۔

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ عمران خان اور نواز شریف ایک ہی گملے کے پودے ہیں، دونوں کا سیاسی گُرو ایک ہے۔ پی ٹی آئی اور ن لیگ کی زبان بھی ایک جیسی ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی جن افراد کو گود لے رہی ہے ان پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں۔ عمران خان کے قول و فعل میں زمین و آسمان کا تضاد ہے۔ ایک طرف کہتے ہیں کہ دھاندلی کرنے والے کو جیل میں ہونا چاہیے دوسری طرف انتخابی دھاندلی کے الزام میں سپریم کورٹ کی طرف سے فارغ کئے جانے والے عرفان مروت کے پاس حاضری دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر کی باقیات کی انجمن جھوٹے دعووں اور پرفریب نعروں کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ عمران خان قوم کو جواب دیں کہ ان کے والد اکرام اللہ نیازی، جہانگیر ترین کے والد اللہ نواز ترین اور اسد عمر کے والدجنرل عمر کو سرکاری ملازمتوں سے کن الزامات کے تحت فارغ کیا گیا تھا۔