پی ایس 114کی عوام ضمنی الیکشن کو کرپٹ اور چور حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم بنا دیں، عمران خان

مفاد پرست اور موقع پرست سیاسی جماعتوں سے اب جان چھڑانے کا بہترین موقع،6دفعہ انہوں نے اقتدار سنبھالنے والے کراچی کے عوام کو پینے کا صاف پانی نہ دے سکے، انتخابی مہم سے خطاب

پیر 19 جون 2017 20:58

پی ایس 114کی عوام ضمنی الیکشن کو کرپٹ اور چور حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی دنیا کی عظیم قوم ہے۔ جس دن یہ متحد ہو گئی دنیا کی کوئی قوم ان کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ میں آج چیمپئن ٹرافی کا فائنل جیتنے پر آپ سب کو مبارکباد دیتا ہوں اور خاص کر فخر الزمان کوہم سب مبارکباد دیتاہوں۔ میں حلقہ پی ایس 114کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اس الیکشن کو ان کرپٹ ، نا اہل، بھتہ خوراور چور حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم بنا دیں۔

ان مفاد پرست اور موقع پرست سیاسی جماعتوں سے اب جان چھڑانے کا بہترین موقع ہے۔ یہ مسلسل اقتدار میں رہنے کے باوجود آپ کو پینے کا پانی تک نہیں دے سکے تو اب آپ کے کیا مسائل حل کریں گے۔ 6دفعہ انہوں نے اقتدار سنبھالا لیکن صرف ان کا کام لوٹ مار اور کرپشن تھا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف نے آپ کو ایک دیانتدار ، ایماندار اور نظریاتی سیاسی کارکن انجینئر نجیب ہارون کی صورت میں دیا ہے جن کا تحریک انصاف سے شروع دن سے تعلق ہے اور پی ٹی آئی کے بانی کارکنان میں سے ہیں۔

آپ سے نے تبدیلی کو ووٹ دینا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے حلقہ پی ایس 114کے دورے کے موقع پر اعظم بستی 100فٹ روڈ پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر تحریک انصاف کے نامزد امیدوار انجینئر نجیب ہارون، فردوس شمیم نقوی، سردار عبد العزیز، حلیم عادل شیخ، بلال غفار، اکبر موریجو، سبحان ساحل ، امجد جاہ ، سرور راجپوت، علاولدین آغا، صائمہ ندیم ،شاہین شیخ، راجہ اظہراور دیگر رہنما ?ں نے بھی خطاب کیا۔

چیئرمین عمرا ن خان نے کہا کہ اس حلقے کو جیتنے کے لئے ان نا اہل حکمرانوں اور سیاسی مافیا کو آپ نے سیدھا پیغام دینا ہے کہ اس حلقے کے عوام کوئی بھیڑ بکریاں نہیں ہیں اور نہ آپ کے غلام ہیں۔یہ لوگ اقتدار میں اس لئے آتے ہیں کہ یہ کرپشن کریں اور ان کی کرپشن کی وجہ سے آپ پر ٹیکس بڑھتا جائے۔ جب آپ 100روپے کا ڈیزل ڈلواتے ہیں تو 50روپے آپ کو ٹیکس دینا پڑتا ہے۔

یہ کرپٹ حکمران آپ کا لوٹا ہوا پیسہ ملک سے باہر لے جا کر کبھی سوئس بینک میں تو کبھی پاناما میں چھپاتے ہیں۔یہ حکمران 30سال سے اس ملک کو باری بار ی لوٹ رہے ہیں۔شریف فیملی اور زرداری گروپ سکے کے ایک رخ ہیں۔ یہ ایک دوسرے کا احتساب نہیں کر سکتے۔ اس ملک کو لوٹنے میں شریف برادران کے ساتھ زرداری گروپ بھی برابر کے شریک ہیں۔ اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ان ڈاکو?ں اور سیاسی مافیا کے خلاف ہم سب کو متحد ہونا ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ پوری قوم اس وقت گو نواز گو کا نعرہ لگا رہی ہے۔بہت جلد نواز شریف اور شہباز شریف اڈیالا جیل میں ہوں گے اور اس کے بعد ان میں بھی بڑے بڑے ڈاکوئوں کی باری آنے والی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ 9جولائی کو اپنے گھروں سے نکل کر تحریک انصاف کے انتخابی نشان بلے پر مہرلگا کر تحریک انصاف کے نامزد امیدوار انجینئر نجیب ہارون کو کامیاب کرائیں اور مجھے امید ہے کہ9جولائی کو کرپٹ اور چور ڈاکو شکست سے دوچار ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :