ڈاکٹر طاہر القادری نوجوانوں کی تربیت کا حق ادا کررہے ہیں:سردار لطیف کھوسہ

پیر 19 جون 2017 20:55

ڈاکٹر طاہر القادری نوجوانوں کی تربیت کا حق ادا کررہے ہیں:سردار لطیف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2017ء) ڈاکٹر طاہر القادری نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت کا حق ادا کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے منہاج القرآن کے زیر اہتمام منعقدہ 23 ویں شہر اعتکاف کے دورہ کے موقع پر سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر سینئر قانون دان احمد رضا قصوری، ڈاکٹر اجمل نیازی اور پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرا بھی موجود تھے، رہنمائوں نے شہر اعتکاف کا دورہ کیا اور روزہ سربراہ عوامی تحریک کے ہمراہ افطار کیا۔

احمد رضا قصوری نے کہا کہ اللہ کے دین کیلئے ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کو جمع کرنا اور ان کو زندہ رہنے کا سلیقہ سکھانا ڈاکٹر طاہر القادری کی بہت بڑی خدمت ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اجمل نیازی نے کہا کہ شہر اعتکاف کا منظر دیکھ کر ایمان تازہ ہو گیا ۔اس دور پرفتن میں اللہ اور اللہ کے رسولﷺ کیلئے نوجوانوں کو تربیت دینا بہت بڑی خدمت ہے۔ ہم اس نیک اور قومی خدمت کی انجام دہی پر ڈاکٹر طاہرالقادری کو مبارکباد دیتے ہیں، شوکت بسرا نے کہا کہ میں پہلی بار منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں آیا ہوں میرا دل چاہ رہا ہے میں بھی معتکف ہو جائوں۔

اللہ نے توفیق دی تو آئندہ سال شہر اعتکاف کا حصہ ہوں گا، سربراہ عوامی تحریک نے شہر اعتکاف آمد پر مہمانوں کاشکریہ ادا کیا، رہنمائوں کو خرم نواز گنڈاپور، شہزاد رسول، ساجد محمود بھٹی، حاجی محمد اسحاق ،مرتضیٰ علوی اور حفیظ چودھری نے خوش آمدید کہا۔