چیئرمین قومی احتساب بیوروکا نیب ہیڈ کوارٹرز کی زیر تعمیر عمارت کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر پراظہار تشویش

تعمیری کام بروقت مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں، تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،قمر زمان چوہدری کا اجلاس سے خطاب

پیر 19 جون 2017 20:52

چیئرمین قومی احتساب بیوروکا نیب ہیڈ کوارٹرز کی زیر تعمیر عمارت کی تکمیل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2017ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے نیب ہیڈ کوارٹرز کی زیر تعمیر عمارت کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعمیری کام بروقت مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں، تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں زیر تعمیر عمارت کے کام پر عملی پیشرفت اور کام کے معیار سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں پاک پی ڈبلیو ڈی کے چیف انجینئر نے بتایا کہ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کے گذشتہ دورہ کے بعد زیر تعمیر عمارت کے کام کی رفتار میں تیزی لائی گئی ہے، گرینائٹ، بیرونی شیشے اور فرشی ٹائل لگانے کا کام جاری ہے، بیرونی کام کے ساتھ ساتھ عمارت کے اندرونی حصہ میں فالز سیلنگ اور پی وی سی پینل لگانے کے ساتھ ساتھ اندرونی فنشنگ کا کام میں بھی تیزی لائی گئی ہے، زیر تعمیر عمارت میں جنریٹرز، لفٹ، ایچ اے وی سی سسٹم سمیت مشینری کا انتظام کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب نے منصوبہ کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر پر تشویش ظاہر کی اور تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقررہ مدت میں تعمیر مکمل کرنے کیلئے کام کی رفتار ضرورت سے کم ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام شیڈول کے مطابق کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ چیئرمین نیب نے ڈائریکٹر جنرل پی ڈبلیو ڈی، چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی، کنسلٹنٹس اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ وہ قواعد کے مطابق بغیر تاخیر کے معیاری کام مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ میٹریل اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :