لاہور ہائیکورٹ نے دریائے راوی پر بند کی تعمیر کے خلاف جاری حکم امتناعی میں توسیع کر دی

پیر 19 جون 2017 19:51

لاہور ہائیکورٹ نے دریائے راوی پر بند کی تعمیر کے خلاف جاری حکم امتناعی ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے شاہدرہ کے مقام پر دریائے راوی پر بند کی تعمیر کے خلاف جاری حکم امتناعی میں توسیع کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار محمد سعید وغیرہ نے موقف اختیار کیا کہ دریائے راوی پر شاہدرہ کے مقام پر بند کی تعمیر کا منصوبہ ناقابل عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبہ پر عملدرآمد کے لئے دو ہزار چارمیں سٹڈی رپورٹ تیار کی گئی مگر اس منصوبے پر رواں سال عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی پالیسی کے تحت کسی بھی منصوبے پر جاری سٹڈی رپورٹ کے تین سال بعد اس رپورٹ کی روشنی میں کوئی بھی منصوبہ قابل عمل نہیں رہتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سال دو ہزار چار میں جب راوی بند کی تعمیرمنصوبہ کی سٹڈی کی گئی تھی اس وقت دریائے راوی اس منصوبے سے ایک کلو میٹر کے فاصلے پر تھا مگر رواں برس دریائے راوی منصوبے سے چار کلو میٹر دور چلا گیا ہے لہذا منصوبہ قابل عمل نہیں۔

سرکاری افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ رواں برس زیادہ مون سون بارشوں کی بناء پر ہائی الرٹ جاری ہے لہذا حکم امتناعی ختم کر کے منصوبہ جلد شروع کرنے کا حکم دیا جائے تاہم عدالت نے حکم امتناعی کی حکومتی استدعا مسترد کرتے ہوئے جاری حکم امتناعی میں توسیع کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو 29 جون کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :