لاہور ہائیکورٹ، پنجاب بھر کے ضلعی اکاونٹس افسران کو پچاسی سالہ ریٹائرڈ بزرگ پینشنرزکے اعداد و شمارپر مبنی رپورٹ مرتب کرنے کا حکم

پیر 19 جون 2017 19:51

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کے ضلعی اکاونٹس افسران کو پچاسی سالہ ریٹائرڈ بزرگ پینشنرزکے اعداد و شمارپر مبنی رپورٹ مرتب کرنے اور اکاونٹنٹ جنرل پنجاب کو رپورٹ لے کر ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصورعلی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت بزرگ پنشنرز کے وکیل صفدر شاہین پیر زادہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ محکمہ خزانہ پنجاب نے بزرگ پینشنرز کے لئے نو ارب کی مختص رقم جاری کر دی مگر اکاونٹنٹ جنرل پنجاب آفس کے ملازمین بزرگ پینشنرز کو ادائیگی کرنے کی بجائے یہ رقم خورد برد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نو ارب کی مختص کردہ رقم سے اب تک پچاسی سال سے زیادہ عمرکے نو ہزار چھ سو دو بزرگوں کو پینشن ادا کر کے باقی رقم دیگر بزرگوں میں تقسیم کی جا رہی ہے جو کہ عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی ہے جس پرعدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ پنجاب بھر میں پچاسی سال سے زیادہ اور پچھتر سے پچاسی سال کے درمیانی عمر کے کل کتنے بزرگ پینشنرزحیات ہیں اور کتنے بزرگ آن لائن طریقے سے پینشن وصول کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے پنجاب بھر کے ضلعی اکاونٹس افسران کو پچاسی سالہ ریٹائرڈ بزرگ پینشنرزکے اعداد و شمارپر مبنی رپورٹ مرتب کرنے اور اکاونٹنٹ جنرل پنجاب کو رپورٹ لے کر ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔عدالت نے کیس کی سماعت دس جولائی تک ملتوی کر دی۔