سپریم کورٹ کی ریکارڈ میں ٹمپرنگ سے متعلق جے آئی ٹی کی شکایت پر ایف آئی اے کو معاملے کی تحقیقات کی ہدایت

پیر 19 جون 2017 19:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2017ء) سپریم کورٹ نے سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن کی جانب سے ریکارڈ میں ٹمپرنگ سے متعلق جے آئی ٹی کی شکایت پر ایف آئی اے کو معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ پیرکو جسٹس اعجازافضل خان کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اورجسٹس اعجازالاحسن پرمشتمل تین رکنی بینچ نے جے آئی ٹی کی جانب سے تحقیقات کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرجسٹس اعجازافضل نے اٹارنی جنرل کوہدایت کی کہ وہ جے آئی ٹی کی درخواست اوراپنی طرف سے جمع کرائے گئے مختلف اداروں کے جوابات کے بعض مندرجات پڑھ لیں اورہمیں بتائیں کہ کیاآپ نے جے آئی ٹی کی درخواست کاجواب دیدیاہے۔ اٹارنی جنرل نے بتایاکہ انہوں نے اداروں کی جانب سے دی جانے والی رپورٹس اور جواب جمع کرادیئے ہیں جس میں جے آئی ٹی کے لگائے گئے الزامات کی تردید کی گئی ہے۔عدالت نے جے آئی ٹی کے سربراہ پرواضح کیاکہ وہ کسی تنقید کو خاطرمیں لائے بغیر مقررہ مدت میں اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت منگل کی صبح تک ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :