صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے ،صوبائی حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے

یہ خیبرپختونخواکی پہلی حکومت ہے جس نے صحافیوں کے فلاح وبہبود کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان کا 20لاکھ روپے کا چیک صحافیوں کے حوالے کرنیکی تقریب سے خطاب

پیر 19 جون 2017 19:43

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2017ء)وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان نے کہا ہے کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے اور پہلی حکومت ہے جس نے صحافیوں کے فلاح وبہبود کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں جسکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی بنوں پریس کلب کے سابق صدر عمران علی ناشادؔ کی صدارت میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پریس کلب کیلئے 20لاکھ روپے کا اعلان کیا تھا اور آج پریس کلب کیلئی20لاکھ روپے کا چیک لیکر آیاہوں انشاء اللہ بنوں کے صحافیوں کیلئے میڈیا کالونی کی منظوری میری اولین ترجیح ہے۔

وہ بروز پیر بنوں پریس کلب میں سابق صدر عمران علی ناشادؔ کی صدارت میں پریس کلب کیلئے وزیر اعلیٰ کی جانب سے اعلان کردہ 20لاکھ روپے کا چیک صحافیوں کو حوالے کرنے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں صادق بلوچ سمیت کثیر تعداد میں صحافی بھی موجودتھے ملک شاہ محمد خان نے مزید کہا کہ یہ 20لاکھ روپے سابق صدر پریس کلب عمران علی ناشادؔ کی محنت کا نتیجہ ہے کیونکہ اس سے پہلے چار سال تک بنوں پریس کلب کو کسی قسم کی حکومتی امداد یا گرانٹ نہیں ملی تھی انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ صحافیوں کے فلاح وبہبود کیلئے ہم سے جو کچھ ہوسکے گا کریں گے کیونکہ امن و ترقی کیلئے حکومت اور صحافیوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے صحافی برادری آپس میں اتفاق و اتحاد قائم رکھیں تو وہ وقت دور نہیں کہ ان کے تمام مسائل حل ہونگے پی ٹی آئی حکومت صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کررہی ہے میری کوشش ہوگی کہ بنوں کے صحافیوں کیلئے رہائشی میڈیا کالونی کی جلد سے جلد منظوری دی جائے کیونکہ صحافی معاشرے کا پیسا ہوا طبقہ ہوتا ہے اور انہیں بھی سر ڈھانپنے کیلئے اپنا چھت ہونا ضروری ہے