سرکاری ہسپتالوں،تعلیمی اداروں کے کیفے ٹیریاز پر ناقص اور مضر صحت اشیاء کی فروخت کا معاملہ

لائسنس یافتہ اور پری کوالیفائیڈ کمپنیاںہی کیفے ٹیریاز چلا سکیں گی، فوڈ اتھارٹی نے نوٹس جاری کر دیا عوامی مقامات پر سپلائی دینے والی بیکریاں، کیٹرنگ کمپنیاں اور دیگر بھی لائسنس لینے کی پابند ہوں گی 15جولائی لائسنس لینے کی ڈیڈ لائن مقرر،لائسنس نہ لینے والوں کے کیفے ٹیریا سیل ہوں گے،ڈی جی فوڈ اتھارٹی عوامی مقامات پر ناقص خوراک کی نے شمار شکایات ہیں، لائسنس یافتہ کمپنیاں خلاف ورزی کریں گی توفوری ایکشن لیا جا سکے گا

پیر 19 جون 2017 19:34

ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2017ء)صوبہ بھر میںسکولوں کالجوں، یونیورسٹیوں اور ہسپتالوں سمیت تمام عوامی مقامات پر صرف پنجاب منظور شدہ کمپنیاں ہی کاروبار کر سکیں گی۔ تٖفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کے دفتر سے جاری ہونے والے نوٹس کے مطابق 15جولائی 2017ء کی حتمی تاریخ کے بعد کسی بھی تعلیمی ادارے، ہسپتال اور دیگر مقام پر صرف منظور شدہ کمنی کو کا م کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

اسی طرح نمام قسم کے میس (MESS) میں بھی صرف کائسنس یافتہ کمپنیوں کو کام کرنے دیا جائے گا۔ ایسے تمام مقامات پر اشیاء خردونوش فراہم کرنے والی دیگر کمپنیاں جیسا کہ بیکری، فروزن فوڈ، کیٹرنگ وغیرہ کو بھی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے پری کوالفیکیشن حاصل کرکے اجازت نامہ لینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

15جولائی 2017کے بعد ایسی تمام کینٹینوں، میس اور کیفے ٹیریاز کو بند کر دیا جائے گا جن کے ٹھیکے منظور شدہ کمپنیوں کے پاس نہیں ہوں گے۔

اس حوالے سے ڈی جی فوڈا تھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ اس نوٹس کے محرکات میں سے ایک سکولوں ، کالجوں ، یونیورسٹیوں اور ہسپتالوں کی کینٹینوں پرناقص خوراک اور مضر صحت اجزاء سے بنی اشیاء خوردونوش کی فروخت ہے۔منظور شدہ اور پری کوالیفائی کمپنیاں کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کو مکمل جواب دہ ہوں گی اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے پاس کاروائی کرنے کے لیے رجسڑڈمالکان کے خلاف کاروائی کا واضح لائحہ عمل موجود ہو گا۔

موجودہ نظام میں نا تو ٹھیکے دار وں کا پتہ نہ چلنے کے سبب کاروائی میں دشواری کے علاوہ ان کی تربیت کرنے اور ٹریننگ دینے میں بھی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ منظور شدہ کمپنیوں کی فہرست آنے کے بعد ایسے تمام مقامات کو ریگولیٹ کرنا آسان ہو جائے گا۔