مانسہرہ میں عیدالفطر قریب آتے ہی رات کو بازاروں کی رونقیں بحال ہونا شروع ہو گئیں

پیر 19 جون 2017 18:50

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2017ء) عیدالفطر قریب آتے ہی دن کے بجائے رات کو بازاروں کی رونقیں بحال ہونا شروع ہو گئیں۔ دکانیں اب رات گئے تک کھلی رہتی ہیں جن پر گاہک عید کی خریداریوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

گارمنٹس، جوتوں کی دکانوں، منیاری، ہوزری کے تاجروں نے شام کے وقت برقی قمقمے لگا کر اپنی دکانوں کی رونقیں دوبالا کر دی ہیں جہاں افطاری کے بعد خواتین خریداری کرتی نظر آتی ہیں ، قریبی دیہاتوں سے گاہک خریداری کیلئے افطاری کے بعد آتے ہیں، مقامی افراد بھی شام کے وقت خریداری کو ترجیح دے رہے ہیں۔

ملازم طبقہ اور کاروباری افراد بھی دن کی گرمی اور روزہ ہونے کی وجہ سے اپنے اہل خانہ سمیت شام کے وقت خریداری کرتے نظر آتے ہیں۔ اس بارے میں بیشتر گاہکوں نے بتایا کہ دن کے وقت گرمی عروج پر ہوتی ہے، دفتروں اور کاروباری مصروفیات کے باعث انہیں دن کو وقت نہیں ملتا اس لئے شام کے وقت وہ خریداری کو ترجیح دے رہے ہیں۔