درختوں کی کھوہ میں جمع ہونے والا پانی ڈینگی مچھر کی آماجگاہ بن سکتا ہے‘خواجہ سلمان رفیق

ڈینگی سرویلنس کا پیٹرن تبدیل کرنے کی ہدایت ، قبرستانوں ، کباڑخانوں، ٹائر شاپس پر خصوصی توجہ دی جائے‘صوبائی وزیر صحت

پیر 19 جون 2017 18:46

درختوں کی کھوہ میں جمع ہونے والا پانی ڈینگی مچھر کی آماجگاہ بن سکتا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ڈینگی کی روک تھام کے سلسلہ میں قبرستانوں ، کباڑخانوں اور ٹائر شاپس اور گوداموں کی ڈینگی سرویلنس پر خوصی توجہ دی جائے۔ اُنہوں نے ٹیکنیکل ایکسپرٹس پر زور دیا کہ وہ ڈینگی مچھر پر موسمیاتی تبدیلیوں اور ڈینگی کے کیسز دیہی علاقوں سے رپورٹ ہونے کے حوالے سے فیلڈ فورس کو گائیڈ لائنز فراہم کریں تاکہ ڈینگی کے بدلتے پیٹرن کے مطابق سرویلنس کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

اُنہوں نے یہ بات صوبائی وزیر برائے پرائمری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر کے ہمراہ سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ، پیر اشرف رسول کے علاوہ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، سیکرٹری سکولز ، سیکرٹری کواپریٹو، سیکرٹری جنگلات سمیت متعلقہ محکموں کے سیکریٹریوں ، سپیشل سیکریٹریز ، ایڈیشنل سیکرٹریز اور سینئرافسران نے شرکت کی۔

ڈینگی ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ کے کنوینر پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود ، پروفیسر وسیم اکرم بھی اجلاس میں موجود تھے۔ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ،s CEOہیلتھ نے ویڈیو لنک کے ذریعے کارروائی میں حصہ لیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ نے ہدایت کی کہ کوئی ضلع ڈینگی کے بارے انڈر رپورٹنگ نہ کرے اگر لاروا ملتا ہے تو یہ شرمندگی کی بات نہیں بلکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فیلڈ میں کام ہو رہا ہے۔

شمائل احمد خواجہ نے ہدایت کی کہ آئوٹ ڈور اور انڈور سرویلنس کو بہتر بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر صاحبان سرویلنس ٹیموں کی مانیٹرنگ اور تھرڈ پارٹی پڑتال کرائیں۔ پروفیسر فیصل مسعود نے کہا کہ برسات کے بعد گوجرانوالہ ڈینگی ہاٹ سپاٹ بن سکتا ہے لہٰذا ابھی سے سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ سیمی اربن علاقوں سے ڈینگی لاروا یا ڈینگی کیس رپورٹ ہونا اس بات کی علامت ہے کہ ڈینگی مچھر کی افزائش کاپیٹرن موسم کے لحاظ سے تبدیل ہو رہا ہے۔

چیف منسٹر ڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج پروفیسر وسیم اکرم نے کہا کہ درختوں کے تنوں کے سوراخوں (کھوہ) میں جمع ہونے والا برساتی پانی بھی ڈینگی مچھر کی پیداوار کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ اور یہ بات مشاہدہ میں آچکی ہے لہٰذا آئوٹ ڈور سرویلنس کے دوران اس پر بھی توجہ دی جائے۔ اجلاس میں تمام افسران نے اپنے اپنے محکمے کی جانب سے کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ عید کی چھٹیوں کے دوران فیلڈ سٹاف کی روٹیشن پر ڈیوٹیاں لگائی جائیں اور عید کے موقع پر نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات کے پیش نظر مساجد اور کھلے میدانوں میں صفائی اور ڈینگی سرویلنس کی جائے اور قبرستانوں میں ڈینگی سویپنگ کی جائے تاکہ لوگ ڈینگی مچھر سے محفوظ رہ سکیں۔ اُنہوں نے ڈینگی سرویلنس پر بھر پور توجہ دینے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر پرائمری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے تمام اضلاع کے CEOs ہیلتھ کو خصوصی طورپر ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں ڈینگی سرویلنس پر توجہ دیں اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی کو تاہی نا قابل برداشت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :