قوم کی دعائوں نے قومی کرکٹ ٹیم کو عالمی چمپئن بنادیا، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

پیر 19 جون 2017 18:29

قوم کی دعائوں نے قومی کرکٹ ٹیم کو عالمی چمپئن بنادیا، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) برسوں سے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے جدوجہد کرنے والی تحریک عافیہ موومنٹ کی سربراہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل جیت کر قومی کرکٹ نے پاکستان کا نام دنیا میں مزید بلند کردیا ہے اسی طرح پوری پاکستانی قوم کی امریکہ میں برسوں سے قید قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی جلد رہائی کیلئے دعائیں اور ان کی قبولیت سے پاکستان کا نام دنیا میں مزید روشن ہوگا ۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے پاکستان کا وقار بلند ہوگا ۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم سمیت عالمی سطح پر کرکٹ کے شائقین نے پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے دعائوں سمیت جن جذبات کا اظہار کیا وہ دنیائے کرکٹ کی اک نئی تاریخ ہے ۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کی فتح سے پوری پاکستانی قوم کو دلی خوشی ہوئی اور ٹیم کے کھلاڑیوں نے انتھک محنت سے پوری قوم کے سر کو فخر سے بلند کردیا ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان بابرکت مہینہ ہے اس ماہ میں قوم نے دعائوں کے ذریعے کرکٹ ٹیم کو فتخ دلوائی ۔ قوم سمیت قومی ٹیم کا یہ عمل قابل تعریف ہے ۔ جس طرح قومی ٹیم نے روایتی حریف کو شکست دے کر عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے اسی طرح اگر ہمارے حکمران قوم کی بیٹی کی رہائی کے حوالے سے اپنے وعدوں کو پورا کر کے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ اور بچوں سمیت پوری قوم کی عید کی خوشیوں میں اضافہ کرسکتے ہیں ۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور باعزت واپسی سے پوری قوم کی خوشی اعلی درجے پر ہوگی اور اس کے ساتھ دنیا میں پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوگا۔ عالمی سطح پر قومی وقار بلند ہوگا ۔ انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی چیمپئن بننے پرایک بار پھر مبارکباد دی اور اس بات کی بھی توقع کی وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کھیل کر ملک کا نام روشن رکھیں گے ۔ اس کے ساتھ یہی قومی کھلاڑی اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی جلد رہائی کیلئے بھی عالمی سطح پر کاوشیں کرکے اپنا کردار ادا کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :