Live Updates

عمران خان نے پی ٹی آئی کو لوٹا فیکٹری بنا دیا ہے، تحریک انصاف میں شامل ہونے والے لوٹے انتخابات میں ناکام ہونگے ،ْ اکبر ایس بابر

پیر 19 جون 2017 18:16

عمران خان نے پی ٹی آئی کو لوٹا فیکٹری بنا دیا ہے، تحریک انصاف میں شامل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ عمران خان نے تحریک انصاف کو لوٹا فیکٹری بنا دیا ہے، تحریک انصاف میں شامل ہونے والے لوٹے انتخابات میں ناکام ہوں گے، پی ٹی آئی انصاف کی دھجیاں اڑا رہی ہے، جنوری سے چلنے والے کیس کا عمران خان نے ابھی تک جواب نہیں دیا۔

پیر کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوری سے چلنے والے کیس کا عمران خان نے ابھی تک جواب جمع نہیںکرایا، عمران خان باقی شہروں میں جلسے کر سکتے ہیں جواب پر دستخط کیلئے اسلام آباد نہیں آ سکتے، عمران خان ایسے رویہ سے عدالتوں کا مذاق اڑا رہے ہیں، پی ٹی آئی انصاف کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔ اکبر ایس بابر نے کہا کہ انصاف اور احتساب سے چور بھاگتا ہے ایماندار نہیں، عمران خان کے خلاف تحقیقات سے بہت سے انکشافات ہوں گے، تحریک انصاف کے کارکنوں نے انٹرا پارٹی انتخابات مسترد کر دیئے ہیں، انٹرا پارٹی الیکشن میں 27 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز میں سے صرف اڑھائی لاکھ ووٹرز نے ووٹ ڈالے، عمران خان نے تحریک انصاف کو لوٹا گروپ بنا دیا ہے، لوٹوں کی وجہ سے ووٹرز نے انٹرا پارٹی الیکشن کا بائیکاٹ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف میں شامل ہونے والے لوٹے الیکشن میں مسترد ہوں گے۔ تحریک انصاف جس مقصد کیلئے بنائی گئی تھی اس سے وہ ہٹ چکی ہے، ہم امیدوار سامنے لائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات