پاکستانی ٹیم کی جیت پرمقبوضہ کشمیر میں جشن منانے والوں پر بھارتی فوج کاتشددقابل مذمت

قومی کرکٹ ٹیم نے لوگوں کے دل جیت لیے ،پاکستان کا سرفخر سے بلند کردیا‘امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد

پیر 19 جون 2017 17:59

پاکستانی ٹیم کی جیت پرمقبوضہ کشمیر میں جشن منانے والوں پر بھارتی فوج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بھارت کے خلاف شاندار اور تاریخی کامیابی پر جشن منانے والے نہتے اورمظلوم کشمیریوں کی بھارتی فوج کے ہاتھوں شہادت کوقابل مذمت قراردیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی پرچم تھامے کشمیریوں کے’’جیوے پاکستان‘‘کے نعرے اورآتش بازی ہندوستانی فوج سے برداشت نہ ہوئی اور اس نے ایک مرتبہ پھر وادی میں ریاستی ظلم وجبر اور مظالم کی انتہاکردی ہے،بھارتی فوج کی جانب سے وحشیانہ کاروائی تشویش ناک ہے۔

انہوں نے کہاکہ انڈیا کبھی کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت ختم نہیں کرسکتا۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی قوم کشمیریوں کی اخلاقی وسفارتی حمایت جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کی قراردادوں پر من وعن عمل درآمد کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے تین کروڑ عوام کو حق خود ارادیت دیاجائے۔انہوں نے کہاکہ آج بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام’’گوانڈیاگو بیک،ہم کیا چاہتے آزادی اور کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے لگارہے ہیں اور کشمیری شہداء کو پاکستانی پرچموں میں دفنایاجاناپسند اور اپنے لیے ایک اعزاز سمجھتے ہیں۔

دریں اثناامیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے آئی سی سی چیمپئنزٹرافی کے فائنل میچ میں پاکستانی ٹیم کے ہاتھوں بھارت کوعبرت ناک شکست اور قومی کرکٹ ٹیم کی تاریخی کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نی25سال بعد رمضان المبارک میں ہی دوسری بڑی جیت کاتحفہ دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم یونہی فتوحات کے جھنڈے گاڑھتے رہے گی۔

ٹیم نے محنت،حوصلہ اور غیر متزلزل عزم سے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی پر پوری ٹیم،مینجمنٹ،پی سی بی مبارک باد کی مستحق ہے۔یہ جیت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ پاکستانی قوم ڈٹ کرمقابلہ کرنے والی قوم ہے۔ہندوستان روایتی حریف ہے۔اس کے خلاف کامیابی پر پوراپاکستان جشن منارہا ہے۔ہمیں اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر اداکرنا چاہئے ۔