عمران کو اقتدار کے حصول کا نشہ ہے اسی وجہ سے جمہوریت کو نقصان پہنچارہے ہیں‘پرویز ملک/عمران نذیر

پاکستانی باشعور ہیں وہ اچھے او ربرے کو سمجھتی ہے اسی وجہ سے آج تک قوم نے عمران جیسے لوگوں کو نظر انداز کیا‘کارکنوں سے گفتگو

پیر 19 جون 2017 17:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک وجنرل سیکرری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ عمران خان کو اقتدارکا نشہ ہے اسی وجہ سے وہ ملک کی جمہوریت کو نقصان پہنچارہے ہیںلیکن نہ تو عمران خان کبھی اقتدار میں آئیں گے اور نہ ہی وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کی حکومت ختم ہوگی کیونکہ وہ عوامی لیڈر ہیں اور عوام نے ہی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرایا تھا،پاکستانی قوم باشعور ہے وہ اچھے او ربرے کو سمجھتی ہے اسی وجہ سے آج تک قوم نے عمران خان جیسے لوگوں کو نظر انداز کیا، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک وقوم کی خدمت کی ہے خدمت کا سفر اب بھی جاری ہے،تحریک انصاف پیپلز پارٹی میں ضم ہونے جا رہی ہے، عمران خان اپنی پارٹی کا سرپرست اعلیٰ آصف زرداری کو بنائیں گے، سیاست کا سارا کوڑا کرکٹ عمران خان پی ٹی آئی میں سمیٹ کر لے جا رہے ہیں، عمران کو اب گجرات یاترا کر کے چوہدری برادران کو بھی اپنی پارٹی میں شامل کر لینا چاہیے، یہ سب کٹی پتنگوں کی طرح کرپشن کی پناہ گاہ میں اکٹھے ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پارٹی دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رمضان صدیق بھٹی،سید توصیف شاہ،ڈاکٹر اسد اشرف، عامر خان،رانااحسن شرافت ،پرائس کنٹرول کمیٹی کے چیئر مین میاں عثمان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ترقی کے مخالفین خود ہی اپنے پھیلائے ہوئے جال میں پھنس چکے ہیں، جلد عوام کے سامنے انتشار پسند سیاستدانوں کا چہرہ بے نقاب ہو جائیگا،ن لیگ کی حکومت ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے وعدے کی جانب بڑھ رہی ہے،سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور ترقی کی راہ میں رخنے ڈالنے والوں کی وجہ سے بڑی مشکلات کا سامنا تھا، پاکستان ایشیا کاٹائیگر بنے گا، ملک میںتیز رفتار ترقی دیکھ کر دہشت گرد بھاگ جائیں گے۔

سی پیک اور گوادر قوم کے خوابوں کی تعبیر ہے ،ترقی کے دشمنوں نے رکاوٹیں ڈالنے کی بڑی کوشش کی لیکن ناکامیاں ان کا مقدر بن گئیں ، گوادر ترقی کی راہ پر چل پڑا ہے،پاک فوج ‘ پولیس‘ انتظامیہ اور عوام نے امن کے لئے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :