مذہبی جماعتوں کا جمعتہ الوداع کو ملک بھر میں یوم تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ منانے کا اعلان

حرمین الشریفین والاقصیٰ امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کے مراکز ہیں، یوم تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ فرقہ واریت اور انتہاء پسندی کے خلاف مسلمانوں کے اتحاد کی علامت ہے ، ملک بھر میں جلسے ، جلوس ، اجتماعات اور ریلیاں نکالی جائیں گی‘طاہر محمود اشرفی کی زیر صدارت اجلاس

پیر 19 جون 2017 17:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء)ملک کی مختلف مذہبی جماعتوں نے پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر جمعتہ الوداع کو ملک بھر میں یوم تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ منانے کا اعلان کیا ہے،حرمین الشریفین والاقصیٰ امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کے مراکز ہیں، یوم تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ فرقہ واریت اور انتہاء پسندی کے خلاف مسلمانوں کے اتحاد کی علامت ہے ، ملک بھر میں جلسے ، جلوس ، اجتماعات اور ریلیاں نکالی جائیں گی ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے بعد کہی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے مولانا عاصم مخدوم ، انٹر نیشنل متحدہ علماء کونسل کے علامہ طاہر الحسن ، متحدہ علماء فورم کے سر براہ مولانا مفتی محمد ضیاء مدنی ، پاکستان علماء و مشائخ کونسل کے علامہ زبیر عابد ، وفاق المساجد پاکستان کے سیکرٹری جنرل فیصل بلال حسان ، پاکستان شریعت کونسل کے مولانا محمد اسلم قادری ، جمعیت علماء اہلحدیث کے علامہ غلام اللہ موجود تھے ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی اپیل پر یوم تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ کو بھرپور طریقہ سے منایا جائے اور خطبات جمعہ میں اور عوامی سطح پر ہونے والے اجتماعات میں عوام الناس کو عالم اسلام کی صورتحال ، مظلومین شام ، عراق ، کشمیر و فلسطین کی حقیقی صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا اور ارض الحرمین الشریفین کے دفاع ، تحفظ ، سلامتی اور الاقصیٰ کی آزادی کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرنے کا عہد کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ قطر اور عرب ممالک کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ، قطر کی حکومت کو خلیجی ممالک کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں اور سعودی عرب ، بحرین کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کے الزامات کا واضح جواب دینا چاہیے ، قطر کے حوالہ سے عرب ممالک کے تحفظات دور ہونے چاہئیں۔